اُترکنڑا ڈپٹی کمشنرپربھولنگا کا بھٹکل دورہ؛ نیشنل ہائی وے کا کام جلد مکمل کرنے کی دی یقین دہانی؛ تنظیم وفد نےنئے ڈی سی کا بھٹکل میں کیا استقبال

بھٹکل 26 نومبر (ایس او نیوز) اُترکنڑا کے نئے ڈپٹی کمشنر پربھولنگا کولی کٹّے نے آج سنیچر کو پہلی بار بھٹکل کا دورہ کرتے ہوئے مختلف محکموں کے آفسران کے ساتھ میٹنگ منعقد کی اور بھٹکل تعلقہ کے تمام اُمورکا جائزہ لیا۔ اس موقع پر قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے ایک وفد نے صدر تنظیم عنایت اللہ شاہ بندری کی قیادت میں بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر پہنچ کرنئے ڈی سی کو پھولوں کا ہار پہناتے ہوئے اُن کا پُرتپاک استقبال کیا۔
بعد میں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پربھولنگا نے کہا کہ نیشنل ہائی وے کا کام جلد مکمل کیا جائے گا، زمین کی حصولیابی کو چھوڑ کر سڑک کوچوڑا کرنے کے کام میں تیزی لائی جارہی ہے اور اس تعلق سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ذمہ داران کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کرکے کام کی تفصیلات حاصل کی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے ہائی وے کے کام کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کو حل کرنے کا وعدہ کیا ہے اور ہائی وے کو چوڑا کرنے کے کام کی پیشرفت کے سلسلے میں جلد سے جلد کام مکمل کرنے کی یقین دھانی کرائی ہے۔
ہائی وے کے تعلق سے مزید استفسار پر انہوں نے واضح کیا کہ وہ یہاں کے عہدیداروں کے ساتھ وڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ایک الگ میٹنگ کا انعقاد کریں گے اور ٹول گیٹ کو لے کر بھٹکل کے سرحدی علاقوں بیلکے اور گورٹے کے علاقوں کے لوگوں کو درپیش مسائل پر توجہ دیں گے۔ مزید کہا کہ ضلع میں سلگتے مسائل کو حل کرنے کے لیے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کی گئی ہے اور مختلف محکموں کے ساتھ تال میل کی کمی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس افسران سے معلومات حاصل کی گئیں ہیں۔
موگیرکمیونٹی کا احتجاج:
درج فہرست ذات کے سرٹیفکیٹ کے لیے بھٹکل میں موگیروں کا احتجاج جاری ہے۔ اس تعلق سے پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے موگیروں کی درج فہرست ذات کی حیثیت کے تعلق سے فیصلہ لینے کے لئے ایک الگ کمیٹی تشکیل دی ہے، اور کمیٹی پہلے ہی بھٹکل کا دورہ کر چکی ہے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کمیٹی نے موگیروں کی طرز زندگی سمیت کئی مسائل پر معلومات اکٹھی کی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اُنہیں خبر ملی ہے کہ کمیٹی نے رپورٹ پیش کرنے کے لیے وقت مانگا ہے، ڈی سی نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ حتمی رپورٹ جلد ہی حکومت کو پیش کی جائے گی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی، تحصیلدار ڈاکٹر سمنت اور دیگرآفسرس موجود تھے۔