امریکی ریاست انڈیانا کے مال میں فائرنگ سے متعدد افراد ہلاک

Source: S.O. News Service | Published on 19th July 2022, 12:13 PM | عالمی خبریں |

انڈیانا ،19؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) امریکی ریاست انڈیانا میں مقامی پولیس نے بتایا کہ گرین ووڈ علاقے کے ایک مال میں اتوار کی شام کو فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ایک سینیئر پولیس افسر کرس بیلی نے بتایا کہ علاقے میں اب کوئی خطرہ نہیں ہے۔

انڈیانا میں گرین ووڈ ایک جنوبی مضافاتی علاقہ ہے جس کی آبادی تقریباً 60,000 ہے۔ پولیس افسر بیلی نے کہا، ''ہم ایک بار پھر اپنے ملک میں اس طرح کے ایک اور واقعے سے مایوسی کا شکار ہوئے ہیں۔''

ریاست انڈیانا کے گورنر ایرک ہولکمب نے کہا کہ وہ صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور جانوں کے ضیاع اور اس ''خوفناک واقعے کے متاثرین کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔''

فائرنگ کے اس تازہ واقعے کے بارے میں ہمیں کیا معلوم ہے؟ گرین ووڈ پولیس ڈیپارٹمنٹ نے اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں فائرنگ کرنے والا شخص بھی شامل ہے۔ پولیس کے بیان کے مطابق، ''اسے ایک مسلح شخص نے گولی مار دی۔'' گرین ووڈ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ جم آئسن نے بعد میں ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ فائرنگ کرنے والا شخص رائفل لے کر گرین ووڈ پارک مال میں داخل ہوا اور پھر اس کے فوڈ کورٹ میں فائرنگ شروع کر دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اہلکاروں نے مقامی وقت کے مطابق شام کے تقریباً چھ بجے فائرنگ کے مقام پر پہنچے اور اس کا جواب دیتے ہوئے دیگر متاثرین کی تلاش شروع کی۔ پولیس نے لوگوں سے بھی مطالبہ کیا کہ اگر وہ فائرنگ کا کوئی واقعہ دیکھیں تو فوری طور پر پولیس کو مطلع کریں۔ انڈیانا پولس، میٹروپولیٹن پولیس اور متعدد دیگر ایجنسیاں اس واقعے کی تحقیقات میں مدد کر رہی ہیں۔

22 بائیس سالہ شخص نے بندوق بردار کو گولی مار دی: پولیس افسر آئسن نے صحافیوں کو بتایا کہ ایک 22 سالہ نوجوان نے، جو قانونی طور پر ایک ہتھیار سے مسلح تھا اور اس وقت مال سے گزر رہا تھا، اندھا دھند فائرنگ کرنے والے بندوق بردار کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

ان کا کہنا تھا، ''آج کے دن کا اصل ہیرو وہ شہری ہے جو اس فوڈ کورٹ میں قانونی طور پر اسلحے سے لیس جا رہا تھا اور فائرنگ شروع ہوتے ہی وہ شوٹر کو روکنے میں کامیاب ہو گیا۔'' انھوں نے مزید کہا کہ ابھی تک انہیں ہلاک ہونے والے افراد کی تفصیلات معلوم نہیں ہیں، تاہم انہوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والے اور جنہیں اسپتال لے جایا گیا ہے ان کی حالت مستحکم ہے۔

میئر کا فائرنگ پر افسوس کا اظہار: گرین ووڈ کے میئر مارک ڈبلیو مائرز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس، ''سانحے نے ہماری کمیونٹی کی روح کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔'' انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ اپنی دعائیں ''متاثرین اور اپنے شخص کے لیے کریں، جس نے اس کا سب سے پہلے جواب دیا۔'' انہوں نے لوگوں سے مال اور علاقے سے کچھ وقت کے لیے دور رہنے کو بھی کہا۔

امریکہ میں بندوق کے تشدد کا سلسلہ: امریکہ میں گزشتہ مئی سے بندوق کے تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ پہلے ایک نوجوان بندوق بردار نے، نیویارک کے بفلو میں ایک گروسری اسٹور پر نسل پرستانہ حملے میں دس سیاہ فام افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

پھر ٹیکساس میں اولاڈے کے ایک ایلیمنٹری اسکول میں 19 بچوں اور دو اساتذہ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس کے بعد اور ایک بندوق بردار نے امریکہ کے یوم آزادی کے موقع پر چار جولائی کو النوائے کے ہائی لینڈ پارک ہونے والی ایک پریڈ کے ہجوم پر فائرنگ کر دی تھی، جس میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

فائرنگ میں اضافے نے بندوقوں پر قابو پانے کے اقدامات پر پھر سے ایک بحث شروع ہوئی ہے۔ امریکہ کی 'ہاؤس جوڈیشری کمیٹی' کا کہنا ہے کہ وہ اسی ہفتے ایسے حملہ آور ہتھیاروں پر پابندی کے لیے قانون سازی کرنے پر غور کر رہی ہے۔

تاہم اس قانون کے سینیٹ سے منظور ہونے کی توقع نہیں ہے۔ امریکی آئین کی دوسری ترمیم عوام کو ہتھیار رکھنے کے حق کا تحفظ کرتی ہے اور اس مسئلے پر امریکہ کی سیاسی جماعتوں میں شدید اختلافات بھی پائے جاتے ہیں۔ بندوق کے حقوق کے حامیوں کا استدلال ہے کہ اس طرح کے تحفظات کو محدود کرنے کا کوئی بھی اقدام ایک پھسلن والی ڈھلان ثابت ہو سکتی ہے۔ ویسے بھی ریپبلکن قانون ساز گن لابی کے زبردست دباؤ میں رہتے ہیں۔

ایک نظر اس پر بھی

ماسکو کنسرٹ ہال حملے میں 143ہلاکتیں

روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک کنسرٹ ہال پر جمعہ کو ہونے والے حملے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 143 ہوگئی ہے جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہیں۔روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے ہفتے کے روز یہ اطلاع دی۔ کمیٹی نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز ماسکو اوبلاست میں کروکس سٹی ہال، دہشت گردانہ حملے کی جگہ ...

80 ہزار افراد نے مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ ادا کی

قابض اسرائیلی فوجوں  کی سختی کے باوجود رواں  سال رمضان کے پہلے جمعہ کو ۸۰؍ ہزار مسلمانوں   نے بیت المقدس میں  پہنچ کر نماز جمعہ ادا کی۔ قدس نیوز نیٹورک نے جو ویڈیوشیئرکئے ہیں  میں  دیکھا جاسکتاہے کہ جوق در جوق مغربی کنارہ، راملہ اور دیگر علاقوں  سے فلسطینی شہری پیدل اور بسوں ...

شہریت ترمیمی قانون پر امریکہ نے بھی اپنی تشویش ظاہر کردی

امریکہ اور نے ہندوستان کے متنازعہ شہریت ترمیمی قانون پر عدم تحفظات کا اظہار کردیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ہندوستان میں شہریت کے متنازعہ ترمیمی قانون کے نفاذ پر تشویش ہے۔ ایکٹ کے نافذ ہونے کے بعد صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں کے سبب جان گنوانے والے فلسطینیوں کی تعداد 31272 ہوئی

غزہ پٹی پر جاری اسرائیلی حملوں سے فلسطینیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 31272 ہو گئی ہے۔ غزہ میں قائم وزارت صحت نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 88 فلسطینیوں کو قتل اور 135 دیگر کو زخمی کیا، جس سے گزشتہ اکتوبر میں اسرائیل اور حماس ...

غزہ میں امداد کیلئے قطار میں منتظر افراد کو پھر نشانہ بنایا گیا، 11 شہید

  انسانیت کی تمام حدوں  کو پار کرتے ہوئے اسرائیلی فوجوں  نے بدھ کو پھر بھکمری کے شکار ان پریشان حال لوگوں  کو نشانہ بنایا جو اپنے بچوں  کی پیٹ کی آگ بجھانے کیلئے امداد حاصل کرنے کے مقصد سے قطار میں  لگے ہوئے تھے۔ بدھ کے اس حملے میں  ۱۱؍ افراد کی شہادت کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ...

انڈونیشیا میں سیلاب اور چٹان کھسکنے سے تباہی، 19 افراد ہلاک ،متعدد زخمی

انڈونیشیا کے جزیرے سماترا میں مسلسل بارش نے سیلاب اور چٹان کھسکنے سے بڑے پیمانے پرتباہی ہوئی ہے۔ اس دوران 5سے زائد گھر دب گئے۔ مکانات کے ملبے سے12 لاشیں نکالی گئیں اور 7افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔ ملبے سے دیگر 6 افراد کو بحفاظت نکالا گیا جبکہ5 افراد اب تک ...