امریکہ پیچھے ہٹنے کیلئے نہیں،دنیا کی قیادت کیلئے تیار ہے: جوبائیڈن

Source: S.O. News Service | Published on 25th November 2020, 6:19 PM | عالمی خبریں |

نیویارک، 25/نومبر (آئی این ایس انڈیا) امریکہ کے نو منتخب صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ دنیا کی قیادت سے پیچھے نہیں ہٹے گا،بلکہ دنیا کی قیادت کرتے ہوئے مخالفین کا مقابلہ اور اتحادیوں کے ساتھ مل کر چلے گا۔

ان خیالات کا اظہار نو منتخب صدر نے منگل کو ریاست ڈیلاویئر کے شہر ولمنگٹن میں خارجہ اور قومی سلامتی کے اْمور سے متعلق اپنی نامزد کردہ ٹیم کے تعارفی سیشن کے دوران کیا۔جو بائیڈن نے کہا کہ میری منتخب کردہ ٹیم اس پختہ یقین پر اعتماد رکھتی ہے کہ جب امریکہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے تو زیادہ مضبوط ہوتا ہے۔ اسی طرح ہم غیر ضروری فوجی تنازعات میں ملوث ہوئے بغیر امریکہ کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

بائیڈن نے کہا کہ میں نے اپنی کابینہ کے لیے جن اراکین کا انتخاب کیا ہے وہ نہ صرف خارجہ پالیسی کو درست کریں گے بلکہ وہ آنے والی نسلوں کے لیے خارجہ اور قومی سلامتی سے متعلق پالیسی ترتیب دیں گے۔ وہ مجھے ان باتوں سے آگاہ کریں گے جن کا جاننا میرے لیے ضروری ہے نہ کہ میں کیا سنتا چاہتا ہوں۔خیال رہے کہ نو منتخب صدر جو بائیڈن نے انٹنی بلنکن کو وزیر خارجہ نامزد کیا ہے جو امریکہ کی خارجہ پالیسی سے متعلق ٹرمپ انتظامیہ کے نکتہ نظر سے بالکل مختلف رائے رکھتے ہیں۔

ناقدین یہ اعتراض کرتے رہے ہیں کہ ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں امریکہ یورپ میں اپنے دیرینہ اتحادیوں سے دْور ہو گیا ہے جب کہ اس نے روسی صدر ولادی میر پوٹن، ترک صدر ایردوان اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان جیسے مبینہ آمروں کے ساتھ تعلقات استوار کر لیے ہیں۔ اگرچہ صدر ٹرمپ امریکہ کی جانب سے روس پر عائد کی گئی پابندیوں کو ان کی انتظامیہ کی قوت اور عزم کا ثبوت قرار دیتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ اْن سے زیادہ روس سے سختی سے کوئی نہیں نمٹا۔لنکن کے علاوہ بائیڈن نے ماحولیات سے متعلق سابق وزیر خارجہ جان کیری کو اپنا خصوصی ایلچی نامزد کیا ہے جو نیشنل سیکیورٹی کونسل کا بھی حصہ ہوں گے۔

بائیڈن نے الحاندرو مایورکاس کو وزیرِ داخلہ، تھامس گرین فیلڈ کو اقوامِ متحدہ میں امریکہ کی سفیر، ایورل ہینز کو ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس اور جیک سولیون کو قومی سلامتی کا مشیر نامزد کیا ہے۔بائیڈن نے کہا کہ میں امریکی عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ بطور امریکی ہم اس ٹیم پر فخر کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیم ایک نئی سوچ اور حکمتِ عملی کے تحت کام کرتے ہوئے امریکی عوام کی توقعات پر پورا اْترے گی۔ادھر صدر ٹرمپ نے تاحال انتخابی نتائج کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا اور انہوں نے مزاحمت جاری رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔گو کہ صدر ٹرمپ نے امریکہ میں انتقال اقتدارِ کے ذمہ دار ادارے جنرل سروسز اینڈ ایڈمنسٹریشن (جی ایس اے) کو تیاریاں شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

تاہم صدر ٹرمپ کا اب بھی یہ اصرار ہے کہ وہ قانونی جنگ جاری رکھیں گے۔منگل کی سہ پہر وائٹ ہاؤس میں ایک مختصر پریس کانفرنس کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسٹاک مارکیٹ کا انڈیکس 30 ہزار سے زائد ہونے پر امریکی عوام کو مبارک باد دی۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 2020 میں نو مرتبہ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی آئی جب کہ ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں 48 مرتبہ اسٹاک مارکیٹ نے تیزی کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔

صدر کا کہنا تھا کہ اس کامیابی پر وہ انتظامیہ اور امریکی عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ایک منٹ کی اس پریس کانفرنس کے بعد صدر ٹرمپ رپورٹرز کے سوالات کے جواب دیے بغیر چلے گئے۔خیال رہے کہ امریکہ میں تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ڈیمو کریٹک امیدوار جو بائیڈن مطلوبہ 270 الیکٹورل ووٹس کا ہدف عبور کر کے ملک کے 46ویں صدر منتخب ہو گئے ہیں۔لیکن صدر ٹرمپ نے تاحال انتخابی نتائج تسلیم نہیں کیے اور اْن کا دعویٰ ہے کہ وہی یہ الیکشن جیتے ہیں۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔