رافیل نڈال نے تیسری مرتبہ یوایس اوپن جیت لیا
نیویارک،11ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)دنیا کے نمبر ایک ٹینس کھلاڑی رافیل نڈال نے جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن کو شکست دے کر یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کا سنگلز خطاب جیت لیا ہے۔نیویارک کے فلشنگ میڈوز میں اتوار کو ہونے والے فائنل میں 31سالہ نڈال نے تین سیٹس میں 6-3، 6-3 اور 6-4سے کامیابی حاصل کی۔رافیل نڈال نے تیسری دفعہ امریکی اوپن چمپئن شپ جیتی ہے اور یہ ان کا مجموعی طور پر 16واں گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے۔
سب سے زیادہ گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کے معاملے میں اب صرف سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر ہی ان سے آگے ہیں۔ فیڈرر نے 19گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت رکھے ہیں۔سپین کے سٹار کھلاڑی نڈال کے پاس اب دس فرنچ اوپن، تین یوایس اوپن، دو ومبلڈن اور ایک آسٹریلین اوپن ٹائٹلز ہیں۔نڈال نے کہا کہ رواں سال جو ہوا وہ ناقابل یقین ہے۔ کئی سالوں کی پریشانیوں، انجریز اور بعض اوقات خراب کھیل کے بعد رواں سال کی ابتدا سے ہی یہ بہت جذباتی سیزن رہا ہے۔یو ایس اوپن ان کا آخری گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ ہے جس میں وہ اپنے چچا ٹونی کے ساتھ ہوں گے اس کے بعد سے ان کی کوچنگ کی ذمہ داری تنہا کارلوز مویا پر ہوگی جو خود بھی سابق ٹینس کھلاڑی رہ چکے ہیں۔
انھوں نے اپنے چچا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے جو کچھ میرے لیے کیا ہے میں اس کا اچھی طرح شکریہ بھی ادا نہیں کر سکتا۔ شاید ان کے بغیر میں کبھی ٹینس نہیں کھیلتا۔ یہ بڑی بات ہے کہ ان جیسا کوئی تھا جو ہمیشہ مجھے آگے بڑھاتا رہا۔رافیل نڈال نے رواں سال جون میں فرنچ اوپن میں بھی جیت حاصل کی تھی۔ چار سال بعد انھوں نے ایک ہی سیزن میں دو گرینڈ سلیم میں کامیابی حاصل کی ہے۔امریکی اوپن جیتنے کے بعد، نڈال نے کیون اینڈرسن کی تعریف کر تے ہوئے کہا کہ یہ دو ہفتے میرے لیے انتہائی اہمیت کے حامل رہے، لیکن سب سے پہلے میں کیون کو مبارکباد دینا چاہوں گا جنھوں نے چوٹ پر قابو پانے کے بعد عمدہ واپسی کی۔ آپ دوسرے کھلاڑیوں کے لیے مثال ہیں۔کیون اینڈرسن نے نڈال کی تعریف کی اور انھیں اپنا آئیڈیل بتایا۔ انھوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ ہم دونوں ہم عمر ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ میں نے ساری زندگی آپ کو کھیلتے ہوئے دیکھا ہے۔ آپ انتہائی سخت حریف ہیں اور ہمارے کھیل کے عظیم ترین سفیروں میں سے ایک ہیں۔