بلیا،21؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) اتر پردیش کے ضلع بلیا میں جمعہ کو معطل ایس ڈی ایم اشوک چودھری کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ ابھاو تھانے میں درج کرایا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ کل جمعرات کو اشوک چودھری کا تحصیل احاطے میں فریادیوں اور اس کے بعد بازار میں کاروباریوں کو دوڑا کر لاٹھیوں سے پیٹنے کا ویڈیو وائرل ہوا تھا۔ وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلی نے ایس ڈی ایم کو معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔
وزیراعلی کی ہدات پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے فوری اثر سے اشوک چودھری کو ضلع دفتر سے وابستہ کرتے ہوئے ان کی جگہ پر سنت کمار یادو کو نامزد کیا تھا۔آج اسی ضمن میں چوکیا باشندہ رجت چوریاس کی تحریر پر معطل ایس ڈی ایم کے خلاف اوبھا تھانہ میں مارپیٹ و گالم گلوج کرنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔ درج مقدمے میں کہا گیا ہے کہ رجت چورسیا کی چوکیا موڑ پر دوکان ہے۔
20 اگست کو دن میں ایک بجے وہ اپنے بھائی آشو کے ساتھ دوکان پر تھا۔ تبھی ایس ڈی ایم بیلتھرا روڈ اشوک چودھری ہوم گارڈ کے چار جوانوں کے ساتھ وہاں پہنچے اور اسے اور اس کے بھائی کو گالی دیتے ہوئے لاٹھی سے پیٹنے گلے۔لاٹھی کے حملے سے اس کے ہاتھ کی ہتھیلی کافی زخمی ہوگئی۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دویندر ناتھ نے کہا کہ تحریر کی بنیاد پر مقدمہ درج کر کے قانونی کاروائی کی جارہی ہے۔