یو پی چناؤ اب چھ ماہ ملتوی ہونے کے آثار۔۔۔۔۔۔ از: ظفر آغا

Source: S.O. News Service | Published on 26th December 2021, 12:02 AM | اسپیشل رپورٹس |

اتر پردیش میں بی جے پی کی حالت پتلی ہے اور گھبرائی ہوئی پارٹی دو ماہ بعد ہونے والے اسمبلی چناؤ چھ ماہ کے لیے ٹالنے پر آمادہ نظر آ رہی ہے۔ اس کالم کے لکھے جاتے وقت مرکزی حکومت کے ہیلتھ سکریٹری الیکشن کمیشن کو ملک میں تیزی سے پھیل رہنے اومیکرون وبا کے بارے میں تفصیلات پیش کرنے جا چکے تھے۔ اس سے قبل الٰہ آباد ہائی کورٹ کے فاضل جج جسٹس شیکھر یادو نے مودی حکومت کو رائے دی کہ ملک اور ریاست میں تیزی سے پھیلتی کووڈ کی تیسری لہر کے مدنظر حکومت ہند کو دو ماہ بعد ہونے والے چناؤ ملتوی کر دینے چاہئیں۔ فاضل جج یادو صاحب وہی جج ہیں جو گائے کے بارے میں دیئے اپنے بیان کے بارے میں سرخیوں میں رہ چکے ہیں۔ حضرت کے مطابق گائے وہ واحد جانور ہے جو سانس چھوڑتے وقت آکسیجن کا اخراج کرتا ہے۔ الغرض جسٹس یادو کی فاضل رائے کے فوراً بعد سرگرمیاں تیز ہو گئیں۔ خود چیف الیکشن کمشنر نے بیان دیا کہ وہ ہفتہ بھر بعد حالات کا جائزہ لینے اتر پردیش کا دورہ کریں گے، اور اس کے بعد دیکھتے دیکھتے مرکزی ہیلتھ سکریٹری ملک میں اومیکرون وبا پھیلنے کے حالات سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرنے پہنچ گئے۔

آپ خود اندازہ لگا سکتے ہیں کہ جج صاحب کے بیان کے بعد یہاں سے لے کر اب تک جو چناؤ کے سلسلے میں سرکاری سرگرمیاں ہیں وہ یوں ہی نہیں ہو رہی ہیں۔ دراصل بھارتیہ جنتا پارٹی یو پی کے زمینی حالات سے خائف نظر آ رہی ہے۔ اس کا پہلا اشارہ اس وقت ملا جب کہ پچھلے ہفتے سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو کے نزدیکی ساتھیوں پر انکم ٹیکس ریڈ ہوئی۔ اکھلیش کی چناوی ریلیوں میں زبردست بھیڑ اکٹھا ہو رہی ہے۔ بی جے پی ظاہر ہے کہ اس بھیڑ سے گھبرا گئی اور بس اس کے بعد اکھلیش کے ساتھیوں کے گھروں پر لکھنؤ میں ریڈ ہو گئی۔ لیکن پھر جج صاحب نے یکایک بغیر مانگی رائے دے کر کورٹ میں سنوائی کے دوران یہ فرمایا کہ چناؤ ملتوی کر دیئے جائیں۔ اور اس رائے پر الیکشن کمیشن کا بھی جو رد عمل تھا اس سے واضح ہے کہ بی جے پی بہت زیادہ گھبرائی ہوئی ہے۔ اور اب اومیکرون کی آڑ میں چناؤ ملتوی کرنے پر آمادہ ہے۔

فروری کے آخر میں ہونے والے پانچ ریاستی چناؤ میں بی جے پی کی حالت نازک ہوتی چلی جا رہی ہے۔ چناؤ ہونے والی پانچ میں سے چار ریاستوں یعنی اتر پردیش، اتراکھنڈ، گوا اور پنجاب سے یہ خبریں آ رہی ہیں کہ وہاں بی جے پی چناؤ ہار سکتی ہے۔ مسئلہ صرف ریاستی چناؤ ہارنے کا نہیں ہے، بات یہ ہے کہ اگر بی جے پی ریاستی چناؤ ہاری تو بس پھر ہندوتوا سیاست کی ہوا نکل جائے گی اور سنہ 2024 میں ہونے والے لوک سبھا چناؤ بھی ہاتھ سے نکل جائے گا۔ یہ بات نریندر مودی کو منظور نہیں ہو سکتی۔ اسی لیے مودی حکومت اب گھبراہٹ میں اومیکرون کا سہارا لے کر محض یو پی ہی نہیں، پانچوں ریاستوں میں چناؤ ملتوی کرنے پر آمادہ نظر آ رہی ہے۔

بی جے پی ان دنوں اس بات سے سخت پریشان ہے کہ آخر ہندوستانی مسلمان جوش سے نہیں بلکہ ہوش سے کیوں کام لینے لگا ہے۔ بی جے پی کے لیے یہ سخت گھبراہٹ کی بات ہے، کیونکہ جب تک مسلمان کسی مذہبی معاملے پر جذبات میں نعرہ تکبیر کے ساتھ سڑکوں پر نہیں نکلتا ہے تب تک ملک میں ہندو رد عمل پیدا نہیں ہوتا۔ اگر ہندو رد عمل نہیں پیدا ہوگا تو پھر بی جے پی کی سیاست بھی نہیں چمکے گی۔ سنگھ کی سیاست کا دارومدار ہی مسلم مخالفت پر مبنی ہے۔ بابری مسجد اور تین طلاق مسئلہ کو فوکس بنا کر ہی پچھلی تین دہائیوں میں بی جے پی زیرو سے ہیرو بن گئی اور اب مودی کے زیر سایہ ملک ہندو راشٹر کا رنگ لے رہا ہے۔

سنگھ اور بی جے پی کی اس زبردست کامیابی میں نام نہاد مسلم لیڈر شپ کا بھی بہت اہم رول رہا ہے۔ راقم الحروف اکثر یہ لکھتا رہا ہے کہ بابری مسجد ایکشن کمیٹی نے بابری مسجد تحفظ اور مسلم پرسنل لا بورڈ نے تین طلاق معاملے پر جس طرح جذباتی خالص مسلم تحریکیں چلائیں اس سے ملک میں زبردست ہندو رد عمل پیدا ہوا جس نے بی جے پی کو مرکزی اقتدار تک پہنچا دیا۔ ظاہر ہے کہ اگر ملک میں مسلمان، علماء کی زیر نگرانی نعرہ تکبیر کی صداؤں کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں گے تو سنگھ-وی ایچ پی کے زیر سایہ سادھوؤں کی قیادت میں ’جے شری رام‘ کے نعروں کے ساتھ ہندوؤں کو سڑکوں پر نکالنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ سنہ 1986 میں بابری مسجد کا تالا کھلنے کے بعد سے تین طلاق کے معاملے تک ہندوستان کی کٹر مسلم قیادت جس طرح کی جذباتی سیاست کرتی رہی ہے، اس نے سنگھ اور بی جے پی کو مندر کی سیاست کا موقع دے دیا۔ اگر مسلمان مسجد تحفظ کے لیے سڑکوں پر نکلے گا تو ہندو رام مندر تعمیر کے لیے سڑکوں پر نکلے گا۔ اگر مسلمان نعرۂ تکبیر لگائے گا تو ہندو بھی جے شری رام کا نعرہ لگائے گا۔ اگر مسلم پرسنل لاء بورڈ تین طلاق کے لیے لڑے گی تو وی ایچ پی کو یہ موقع ملے گا کہ وہ ہندوؤں کو یہ باور کروائے کہ مسلمان چار شادیاں کر آئے دن طلاق دے کر اس ملک میں ہندوؤں کو اقلیت میں پہنچانا چاہتا ہے۔ بابری مسجد ایکشن کمیٹی اور مسلم پرسنل لاء بورڈ کو آیا یہ بات سمجھ میں نہیں آئی یا پھر ان دونوں جماعتوں کی قیادت سنگھ کے اشارے پر کام کرتی رہی، اس بات کا فیصلہ تو تاریخ کرے گی۔ لیکن یہ اب صاف ہے کہ تین دہائیوں کی مسلم قیادت کی کم عقلی سے ہندوستانی مسلمان اس وقت دوسرے درجے کا شہری بن چکا ہے اور ملک ہندو راشٹر کا رنگ لے چکا ہے۔

لیکن مودی کے برسراقتدار آنے کے بعد سے اور بابری مسجد و تین طلاق مسئلہ پر شکست کے بعد ہندوستانی مسلمان کو یہ سمجھ میں آنے لگا ہے کہ جذبات کی سیاست اس کے مفاد میں نہیں ہے۔ وہ اب جوش سے نہیں بلکہ ہوش سے کام لینے لگا ہے۔ اور بس ان دنوں یہی بی جے پی کی پریشانی کا سبب ہے۔ آپ دیکھیے نا گروگرام میں پارکوں اور کھلی جگہوں پر جمعہ کی نماز پر پابندی لگا دی گئی، لیکن مسلمان اشتعال میں نہیں آیا۔ بی جے پی کو امید رہی ہوگی کہ مسلمان نعرۂ تکبیر کے ساتھ سڑکوں پر اتر آئے گا اور پھر اس کو یو پی میں کاشی و متھرا مندر معاملوں پر ہندو رد عمل پیدا کرنے کا موقع مل جائے گا۔ لیکن گروگرام معاملے پر صبر سے کام لے کر مسلمانوں نے عقلمندی اور ہوش مندی کا ثبوت دے کر بی جے پی کی سیاست پر پانی پھیر دیا۔ ظاہر ہے کہ اس بات سے بی جے پی پریشان ہے، کیونکہ جب تک مسلمان جوش میں جذباتی سیاست نہیں کرے گا تب تک ہندو جذبات بھی جوش میں نہیں آئیں گے اور بی جے پی کو ہندو ووٹ بینک بنانے کا موقع نہیں ملے گا۔ اس لیے اب ہندوستانی مسلمانوں کے لیے دو سبق ہیں، اولاً جذباتی اور مذہبی سیاست سے دور رہیں۔ دوئم اگر کوئی شخص یا تنظیم مذہبی معاملات میں مسلمانوں کو جوش دلوا کر سیاست کرنا چاہتی ہے تو وہ مسلم حمایت میں نہیں بلکہ سنگھ حمایت میں کارگر ہے۔ لگتا ہے کہ مسلمان کو یہ بات سمجھ میں آنے لگی ہے۔ اسی لیے بی جے پی پریشان ہے کہ آخر اب مسلمانوں کو غصہ کیوں نہیں آتا!

ایک نظر اس پر بھی

یہ الیکشن ہے یا مذاق ؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔آز: ڈاکٹر مظفر حسین غزالی

ایک طرف بی جے پی، این ڈی اے۔۔ جی نہیں وزیر اعظم نریندرمودی "اب کی بار چار سو پار"  کا نعرہ لگا رہے ہیں ۔ وہیں دوسری طرف حزب اختلاف کے مضبوط امیدواروں کا پرچہ نامزدگی رد کرنے کی  خبریں آرہی ہیں ۔ کھجوراؤ میں انڈیا اتحاد کے امیدوار کا پرچہ نامزدگی خارج کیا گیا ۔ اس نے برسراقتدار ...

بھٹکل سنڈے مارکیٹ: بیوپاریوں کا سڑک پر قبضہ - ٹریفک کے لئے بڑا مسئلہ 

شہر بڑا ہو یا چھوٹا قصبہ ہفتہ واری مارکیٹ عوام کی ایک اہم ضرورت ہوتی ہے، جہاں آس پاس کے گاوں، قریوں سے آنے والے کسانوں کو مناسب داموں پر روزمرہ ضرورت کی چیزیں اور خاص کرکے ترکاری ، پھل فروٹ جیسی زرعی پیدوار فروخت کرنے اور عوام کو سستے داموں پر اسے خریدنے کا ایک اچھا موقع ملتا ہے ...

نئی زندگی چاہتا ہے بھٹکل کا صدیوں پرانا 'جمبور مٹھ تالاب'

بھٹکل کے اسار کیری، سونارکیری، بندر روڈ، ڈارنٹا سمیت کئی دیگر علاقوں کے لئے قدیم زمانے سے پینے اور استعمال کے صاف ستھرے پانی کا ایک اہم ذریعہ رہنے والے 'جمبور مٹھ تالاب' میں کچرے اور مٹی کے ڈھیر کی وجہ سے پانی کی مقدار بالکل کم ہوتی جا رہی ہے اور افسران کی بے توجہی کی وجہ سے پانی ...

بڑھتی نفرت کم ہوتی جمہوریت  ........ ڈاکٹر مظفر حسین غزالی

ملک میں عام انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہونے والا ہے ۔ انتخابی کمیشن الیکشن کی تاریخوں کے اعلان سے قبل تیاریوں میں مصروف ہے ۔ ملک میں کتنے ووٹرز ہیں، پچھلی بار سے اس بار کتنے نئے ووٹرز شامل ہوئے، نوجوان ووٹرز کی تعداد کتنی ہے، ایسے تمام اعداد و شمار آرہے ہیں ۔ سیاسی جماعتیں ...

مالی فراڈ کا نیا گھوٹالہ : "پِگ بُوچرنگ" - گزشتہ ایک سال میں 66 فیصد ہندوستانی ہوئے فریب کاری کا شکار۔۔۔۔۔۔۔(ایک تحقیقاتی رپورٹ)

ایکسپوژر مینجمنٹ کمپنی 'ٹینیبل' نے ایک نئی رپورٹ جاری کی ہے جس میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ پچھلے سال تقریباً دو تہائی (66 فیصد) ہندوستانی افراد آن لائن ڈیٹنگ یا رومانس اسکینڈل کا شکار ہوئے ہیں، جن میں سے 81 فیصد کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مسلمان ہونا اب اس ملک میں گناہ ہے۔۔۔۔۔۔۔۔از: ظفر آغا

انہدام اب ایک ’فیشن‘ بنتا جا رہا ہے۔ یہ ہم نہیں کہہ رہے بلکہ یہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کا بیان ہے۔ بے شک مکان ہو یا دوکان ہو، ان کو بلڈوزر کے ذریعہ ڈھا دینا اب بی جے پی حکومت کے لیے ایک فیشن بن چکا ہے۔ لیکن عموماً اس فیشن کا نشانہ مسلم اقلیتی طبقہ ہی بنتا ہے۔ اس کی تازہ ترین مثال ...