انکولہ میں مرکزی وزیر شریپد نائک کی کار سڑک حادثہ کا شکار؛ شریپد نائک شدید زخمی، ان کی اہلیہ اور پی اے ہلاک

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 12th January 2021, 12:09 AM | ساحلی خبریں |

بھٹکل11/جنوری (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے انکولہ میں آیوش اور ڈیفینس کے مرکزی وزیر شریپد وائی نائک کی کار بے قابو ہوکر اُلٹ جانے کے نتیجے میں  شریپد نائک کی اہلیہ اور ان کا پرسنل اسسٹنٹ ہلاک ہوگئے جبکہ وزیر شریپد نائک شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ پیر کی رات  کو اُس وقت پیش آیا جب یہ لوگ  یلاپور سے گوکرن جارہے تھے کہ انکولہ کے ہوسا کمبی روڈ پر ان  کی کار پلٹ گئی۔

ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ  شریپد نائک اپنی اہلیہ وجیا (58)،  پرسنل اسسٹنٹ دیپک گومے  سمیت  گن مین تُکارام پاٹل،  ڈرائیور چندن اور  قریبی دوست سائی کرن کے ساتھ  پیر کی رات کو گوکرن جارہے تھے کہ اچانک ان کی کار ڈرائیور کے ہاتھوں بے قابو ہوگئی اور اُلٹ گئی۔ حادثہ میں  وجیا اور دیپک کی موت واقع  ہونے کے ساتھ ساتھ شریپد نائک اور دیگر تین لوگ زخمی ہوئے ہیں ۔ شریپد نائک کو  فوری طور پر گوا کے  بامبولی اسپتال لے جایا گیا ہے، جہاں ان کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے۔ جبکہ دیگر تین زخمیوں کو انکولہ اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

پتہ چلا ہے کہ گوا کے رہنے والے شریپد نائک آج پیر کو یلاپور پہنچے تھے اور کئی مندروں میں پوجا پاٹ کی تھی، شام کو وہ گوکرن کےلئے روانہ ہوئے تھے۔ 

حادثہ کی اطلاع ملنے پر کرناٹک کے وزیراعلیٰ یڈی یورپا نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے سخت افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ   حادثے کی خبر سن کر انہیں سخت جھٹکا  لگا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں  دو لوگوں کی موت واقع ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتےہوئے زخمی ہونے والوں  کے زخم جلد بھرنے کی دعا کی ہے۔

حادثہ کے تعلق سے انکولہ پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی