ملک میں ایک نہ ایک دن ’یکساں سول کوڈ‘ ضرور نافذ ہوگا، کرناٹک کے وزیرکوٹا سرینواس پجاری کا خیال

کوپّل،25؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) کرناٹک کے سماجی بہبود کے وزیر کوٹا سرینواس پجاری نے بدھ کے روز کہا کہ متنازعہ یونیفارم (یکساں) سول کوڈ ایک نہ ایک دن ملک میں نافذ ہوگا۔ انہوں نے کہا، ’’بی جے پی یکساں سول کوڈ لانے کے لیے پرعزم ہے اور اسے نافذ کرنے جا رہی ہے۔ یہ بی جے پی ہی ہی ہے جس نے جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کو منسوخ کر دیا ہے۔‘‘
پجاری نے مزید کہا ’’ایودھیا میں بھگوان رام کے مندر کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کا سب نے مشاہدہ کیا۔ اب وہاں مندر بن رہا ہے۔ بی جے پی نے تمام وعدے پورے کیے ہیں۔ جو کچھ کہا جا رہا ہے اسے کام میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کا یہ رخ ہے کہ قانون سبھی کے لئے برابر ہونا چاہئے اور پارٹی یکساں سول کوڈ کو ضرور نافذ کرے گی۔
وزیر نے کہا، ’’موجودہ وقت میں بغیر کسی فرقہ وارانہ یا مذہبی تعصب کے مجرمانہ کارروائیوں کو یکساں طور پر سزا دی جاتی ہے۔ اسی طرح مجرموں کے ساتھ بھی شہری مسائل کے حوالے سے یکساں سلوک کیا جانا چاہئے۔ یکساں سول کوڈ کے نفاذ کا یہی مقصد ہے۔" وزیر نے کہا۔
انہوں نے کہا، "آئین کا آرٹیکل 44 کہتا ہے کہ یہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ ملک میں یکساں سول قوانین کو نافذ کرے، پھر چاہے وہ ریاستی حکومت ہو یا مرکزی حکومت۔‘‘