کرناٹک کا طالب علم یوکرین میں ہوئے روسی حملے میں جاں بحق؛ میڈیکل کالج کا تھا طالب علم
بھٹکل یکم مارچ (ایس او نیوز) روس نے یوکرین میں تباہی کا عالم مچا رکھا ہے اور ابھی تک دونوں ممالک کے درمیان مذاکرہ سے کوئی حل نہیں نکل سکا ہے۔ مگر اس درمیان روسی حملے نے ہندوستان کو بھی شدید زخم دیا ہے۔ اور تازہ اطلاع کے مطابق یوکرین میں میڈیکل کالج کے طالب علم نوین شیکھرپّا کی موت کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ نوین کا تعلق کرناٹک کے ہاویری سے ہے۔
ایک طرف وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ یوکرین کے خارکیف میں آج صبح ہوئی شدید گولہ باری میں ایک ہندوستانی طالب علم کی موت کی جانکاری دی ہے تو وہیں کرناٹکا اسٹیٹ ڈیساسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے کمیشنر منوج راجن نے بھی نوین کی موت واقع ہونے کی تصدیق کی ہے۔
ارندم باگچی نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’ہم گہرے دکھ کے ساتھ اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ آج صبح خارکیف میں ہوئی بمباری میں ایک ہندوستانی طالب علم کی موت ہو گئی۔ وزارت خارجہ، ہندوستانی طالب علم کی فیملی کے رابطے میں ہے۔ ہم طلبا کے گھر والوں سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خارکیف میں واقع گورنر ہاؤس پر صبح 7 بجے کے قریب جب کئی طلبا کھانے کے لیے لائن میں لگے ہوئے تھے، اسی دوران حملہ ہوا اور نوین اس کی زد میں آ گیا۔ خارکیف میں صبح جس گورنر ہاؤس کو روسی فوج نے اڑایا، اسی کے پاس نوین کھڑے تھے۔ نوین خارکیف میڈیکل یونیورسٹی میں میڈیکل کے چوتھے سال کے طالب علم تھے۔ ایک فون ان کے پاس تھا جس کے ذریعہ ان کی شناخت ہوئی۔