کنداپور 12؍جون (ایس اونیوز) کنداپور کے ایک قریہ امیسی بئیل میں تمام مکانات کو شمسی توانائی سے مربوط کردیا گیا ہے جو کہ ریاست کرناٹک کے سولار گرام پنچایت میں اپنی نوعیت کا پہلا قدم ہے ۔ اس دیہات کو اس بات کا امتیاز حاصل ہے کہ یہاں پر تمام مکانات سولار پاور سے جڑے ہوئے ہیں۔
سولار ولیج پراجکٹ کا افتتاح کرنے کے بعد دھرمستھلا کے دھرم ادھیکاری وریندرا ہیگڈے نے بتایا کہ شمسی توانائی سے استفادہ کیا جانا چاہئے تا کہ توانائی کے بحران کی یکسوئی کی راہ کو ہموار کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ امیسی بئیل چیر ٹیبل ٹرسٹ ، دھرم شالہ رورل ڈیولپمنٹ پروجکٹ ، کرناٹک بینک لمیٹیڈ اور امیسی بئیل گراما کی جانب سے مشترکہ طور پر مذکورہ پراجکٹ کو روبہ عمل میں لایا گیاہے۔
امیسی بئیل چیرٹیبل ٹرسٹ کے اے جی کودگی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام پراجکٹ کے تحت 1800 مکانات میں سولار لیمس نصب کئے جائیں گے جس پر 2.13 کروڑ روپئے کی لاگت آئے گی ۔ سیوکو سولار لائیٹ پرائیوٹ لمیٹیڈ کے صدر نشین اور میگسے ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر ایچ ہریش پانڈے نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے 25فیصد افراد اب بھی الیکٹری سٹی سے محروم ہیں انہوں نے سولار پراجکٹ کے تعلق سے شعور بیدار کرنے کے لئے اقدامات کئے جانے پر زور دیا۔