ملپے ساحل پر بم بلاسٹ دھمکی والا ویڈیو کلپ ۔ ملزم سریجن پجاری گرفتار
ملپے 3؍مارچ (ایس او نیوز) ملپے ساحل پر بم دھماکہ کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے ویڈیو کلپ وائرل کرنے والے نقاب پوش ملزم کوپولیس نے گرفتار کرلیا ہے جس کی شناخت سریجن پجاری(18سال) کے طور پر کی گئی ہے جوکہ مپلے ساحل کے قریب ہی کارہنے والا ہے۔
تقریباً ڈیڑھ منٹ کی ویڈیو کلپ میں سریجن نے اپنے چہرے کو ایک توال سے ڈھانپ رکھا تھا اور اس میں ملپے ساحل پر بہت بڑا بم دھماکہ کرنے اور سب کچھ تباہ وبرباد کرنے کی دھمکیاں دینے علاوہ’’ پاکستان زندہ باد‘‘کے نعروں کے ساتھ فحش گالیاں دیتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔جیسے ہی اس وائرل ویڈیو کی خبر پولیس کو معلوم ہوئی تو ضلع ایس پی نیشا جیمس اور ایڈیشنل ایس پی کمارا چندرا کی قیادت میں ایک اسپیشل تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔ پھر چند ہی گھنٹوں کے اندر اس ٹیم نے ملزم کو دبوچ لیا۔
پولیس کے بیان کے مطابق پہلے اس نے آنند نامی اس نیپالی باشندے کو تحویل میں لیا جو ملپے ساحل پر دکان چلاتا ہے ، جس نے سب سے پہلے اس ویڈیو کو فارورڈ کیا تھا۔ سختی کے ساتھ پوچھ گچھ کرنے پر اس نے سریجن پجاری کا نام بتایا کہ اسی نے یہ ویڈیو کلپ تیار کرکے اسے فارورڈ کی تھی اور پھر اس نے دوسروں کو فارورڈ کیاتھا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ ویڈیو کلپ وائرل ہوگئی تھی۔
سریجن کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ چرواہے کا کام کرتا ہے اور اس کا باپ پلاسٹک سامان کی ایک دکان میں ملازمت کرتا ہے۔ پولیس نے ملزم سریجن کے پاس سے اس کا موبائل اورویڈیو میں چہرے پر لپیٹا گیا تولیہ برآمد کرلیا ہے۔