اڈپی،25؍ ستمبر (ایس او نیوز) ملپے سے قریب ہوڈے سمندر میں تیراکی کے دوران بینگلور اور حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 3 طالب علم تیز سمندری لہروں کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔ جن کی شناخت شریکر، نشانتھ اور شانمکھا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق منی پال کالج میں زیر تعلیم پندرہ طلبہ کی ایک ٹیم اتوار کو کالج میں چھٹی ہونے کی بناء پر تفریح کے لئے ہوڈے سمندر کی سیر کو پہنچے تھے، چونکہ سمندر میں پانی کے بھرتی کا وقت تھا اس لئے پانی زیادہ گہرا ہونے کے ساتھ تیز لہریں اٹھ رہی تھیں ۔ اس دوران جب یہ لوگ تیرنے کے لئے اترے تو تین طالب علم سمندر میں غوطے کھانے لگے۔ موقع پر موجود مقامی لوگ اور دیگر سیاح فوری ان کی مدد کو پہنچے اور نشانتھ اور شانمکھا کو فوری طور پر سمندر سے باہر نکالنے میں کامیاب ہوگئے، اور منی پال اسپتال روانہ کردیا مگر بعد میں پتہ چلا کہ دونوں اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی چل بسے۔
سمندر میں غرق تیسرے طالب علم شریکر کے لئے تلاشی مہم چلائی گئی اور کچھ دیر کی کوششوں کے بعد شریکر کو بھی باہر نکالا گیا، مگر اس وقت تک دیر ہوچکی تھی اور وہ موت کا شکار ہوچکا تھا۔
ملپے پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی انجام دی۔