ملپے بندرگاہ پر مچھلی لوڈ کرتے وقت ٹیمپو سمندر میں گر گئی
ملپے، یکم ؍ستمبر (ایس او نیوز) ملپے ماہی گیر بندرگاہ پر روزانہ کا معمول ہے کہ مچھلیوں کے شکار کے ساتھ پہنچنے والی کشتیاں کنارے لگتے ہی مچھلیاں دوسرے مقامات تک فروخت کے لئے لے جانے والے گوڈس ٹیمپو کی قطاریں لگ جاتی ہیں۔آج بھی جب کشتیوں سے مچھلیاں ٹیمپو میں لوڈ کرنے کا سلسلہ جاری تھا تو اچانک ایک ٹیمپو پھسل کر دریا میں گر گیا اور پوری طرح ڈوب گیا جسے بعد میں کرین کی مدد سے باہر نکالا گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ مچھلیاں لادنے کے لئے ٹیمپو کو براہ راست کشتی سے باندھ دیا گیا تھا۔ جب مچھلیاں لادنے کے دوران کشتی سمندر میں ذرا پیچھے کی طرف ہٹنے لگی تو اوپر کھڑا ہوا ٹیمپو بھی کنارے سے سرک کر دریا میں جاگرا ۔جسے بعد میں کرین کی مدد سے کھینچ کر باہر نکالا گیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بندرگاہ پر اس طرح کا واقعہ شاذ ونادر ہی ہوتا ہے ۔ اس عجیب حادثے میں کسی کو بھی کوئی چوٹ نہیں آئی ہے۔البتہ ٹیمپو کے انجن میں پانی گھسنے سے ٹیمپو کے مالک وٹّل پجاری کو مالی نقصان ہوا ہے۔ملپے پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔