اُڈپی : پٹرول پمپ کے قریب اسکوٹر میں لگی آگ ، ٹل گیا بڑا حادثہ
اُڈپی، 19 /اکتوبر (ایس او نیوز ) اُڈپی شہر کے چٹپاڈی علاقے میں ایک پٹرول پمپ کے قریب ایک دو پہیہ گاڑی میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں اسکوٹر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ البتہ پٹرول پمپ پر موجود عملے اور مقامی لوگوں کی مداخلت سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا ورنہ بہت بڑا سانحہ پیش آنے کا خدشہ تھا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اسکوٹر کے مالک نے پٹرول پمپ سے ایک بوتل میں پٹرول خریدا تھا اور اسے اسکوٹر کی سیٹ کے نیچے موجود اسٹوریج میں محفوظ کر لیا تھا۔ جب اُس نے اسکوٹر کو اسٹارٹ کرنے کی کوشش کی تو انجن کی چنگاری نے پٹرول کو بھڑکا دیا، جس سے اسکوٹر میں آگ لگ گئی۔
یہ واقعہ چونکہ پٹرول پمپ کے قریب ہی پیش آیا ، جہاں کئی گاڑیاں، بشمول بسیں بھی پارک تھیں، جب اسکوٹر آگ کے شعلوں میں لپٹ گیا، تو پٹرول پمپ کے عملے اور مقامی لوگوں کی فوری کارروائی نے بڑے حادثے کو ٹال دیا۔ بتایاگیا ہے کہ پٹرول پمپ پر موجود عملے نے آگ پھیلنے سے پہلے ہی آگ بجھانے والے آلات کا استعمال کرتے ہوئے شعلوں کو بجھانے میں کامیابی حاصل کی۔