اڈپی پولیس نے جیویلری دکانوں کو جاری کیا لٹیروں کے تعلق سے الرٹ
اڈپی،2 /اکتوبر(ایس او نیوز)اڈپی پولیس نے سونے کے زیورات فروخت کرنے والے دکانداروں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے ۲سے تین افراد پر مشتمل لٹیروں کی ایک ٹولی شہر میں داخل ہونے کے امکانات ہیں اس لئے خریداروں کے بھیس میں آنے والے ان لٹیروں سے ہوشیار رہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک دن قبل اس ٹولی نے چکمگلوروضلع کے کوپا میں ایک زیورات کی دکان میں واردات انجام دی ہے اور یہی ٹولی اب اڈپی میں موجود ہونے کا شبہ ہے۔ پولیس نے کوپا میں لوٹی گئی دکان سے ملنے والے سی سی کیمرے کی تصاویر جاری کی ہیں جن میں ان لٹیروں کے چہرے صاف نظر آرہے ہیں۔
پولیس نے بتایا ہے کہ یہ لوگ ایک کار میں سوار ہوکر آتے ہیں جس کا رجسٹریشن نمبر نقلی ہے۔ پھر سونے کی دکان میں داخل ہوکر زیورات خریدتے ہیں اور قیمت کی ادائیگی آن لائن طریقے سے کرتے ہیں۔ لیکن بعد میں پتہ چلتا ہے کہ دکاندار کے کھاتے میں وہ رقم منتقل ہی نہیں ہوئی ہے۔اڈپی محکمہ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ مشکوک نظر آنے والی ٹولی کے تعلق سے انہیں کوئی بات پتہ چلے تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ قائم کریں۔