اڈپی: غلطی سے کھا لیا زہر آلودہ پھل۔ خاتون ہوگئی ہلاک
اڈپی،26؍اکتوبر (ایس او نیوز) اڈپی تعلقہ کے کُوڈی گاؤں میں چوہوں کو مارنے کے لئے زہر ملا ہوا پپیتا (پپیا) جو رکھا گیا تھا اس کو انجانے میں کھانے کی وجہ سے شریمتی (43سال) نامی خاتون کی موت واقع ہوگئی ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق شریمتی کے شوہروامن نائک کی ایک کاجو فیکٹری ہے جو اس کے گھر کے پیچھے ہی واقع ہے۔ چونکہ وہاں پر چوہوں کی بھرمار ہے اس لئے اکثر وہ لوگ پپیتا کاٹ کر اس کے ٹکڑوں میں زہر ملاکر یہاں وہاں رکھ دیتے ہیں۔19اکتوبر کو بھی زہر آلود ہ پپیتے کے ٹکڑے رکھے گئے تھے ۔ شریمتی نے غلطی سے ان میں سے کچھ ٹکڑے کھا لیے۔20اکتوبر کو اس نے اپنے پیٹ میں شدید درد اٹھنے کی شکایت کی۔ شام کو جب اس کی بیٹی ودیا شری (18سال) گھر پہنچی تو باپ اور بیٹی نے مل کر شریمتی کو پرائیویٹ اسپتال میں داخل کروایا۔ لیکن علاج کارگر نہیں ہوا اور شریمتی نے سنیچر کے دن شام کے وقت دم توڑدیا۔
ودیاشری کی طرف سے دی گئی معلومات کی بنیاد پر ہیری اڈکا پولیس نے غیر فطری موت کا معاملہ درج کرلیا ہے اور مزید تحقیق کی جارہی ہے۔