اڈپی : کورگا کی تقریب پر پولیس دھاوا کا معاملہ۔ ہوم منسٹر نے دلایا سی او ڈی تحقیقات کا بھروسہ ۔ متاثرین کو 2 لاکھ روپے معاوضہ کا تیقن ۔ نیشنل کمیشن فار ویمن نے ایس پی سے طلب کی معاملہ کی وضاحت

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 1st January 2022, 8:46 PM | ساحلی خبریں | ریاستی خبریں |

اُڈپی : یکم جنوری (ایس او نیوز) کوٹاتھٹو کورگا کالونی میں منعقدہ مہندی  کی تقریب کے دوران کوٹا پولیس کی طرف سے دھاوا بولنے اور دولھا سمیت مہندی تقریب میں موجود کورگا کمیونٹی کے لوگوں پر لاٹھی چارج کا معاملہ دن بدن نئے پہلو بدل رہا ہے ۔      تازہ ترین صورت حال یہ ہے کہ ریاستی وزیر داخلہ  ارگا۔گیانیندرا  نے خود ہی متاثرین کے  علاقہ میں پہنچ کر لاٹھی چارج کا شکار ہونے والوں کو حکومت کی طرف سے 2 لاکھ روپے معاوضہ دینے اور اس معاملہ کی تحقیقات سی او ڈی سے کروانے کا اعلان کیا  ۔ دوسری طرف نیشنل کمیشن فار ویمن نے اُڈپی ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے اس معاملہ کی وضاحت طلب کی ہے ۔ 

    یاد رہے کہ اس سے قبل اس واقعہ کے خلاف دلت اور دیگر سماجی لیڈران کی طرف سے سخت احتجاج کے بعد اعلیٰ افسران کی طرف سے لاٹھی چارج کروانے والے کوٹا پولیس سب انسپکٹر کو معطل کیا جاچکا ہے اسی طر ح ر پانچ اہلکاروں کا تبادلہ کیا جا چکا ہے ۔ اس دوران  پولیس والوں کی جانب سے کورگا کمیونٹی کے ان افراد کے خلاف بھی کاونٹر کمپلینٹ داخل کی گئی ہے جنہوں نے مہندی کی تقریب منعقد کی تھی ۔  اس وجہ سے کورگا طبقہ میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا ہے ۔

    ہوم منسٹر ارگا۔ گیانیندرا نے لاٹھی چارج  کی زد میں آنے والے راجیش کے گھر جا کر اس کی خیریت دریافت کی اور گھر والوں کی ہمت بندھاتے ہوئے کہا :" کسی کو بھی خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ متعلقہ پی ایس آئی کو معطل اور دیگر کو ٹرانسفر کر دیا گیا ہے ۔ تحقیقات کے بعد ان لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ لگ رہا ہے کہ پولیس کی طرف سے درج کی گئی  شکایت جھوٹی ہے ۔  اس لئے راجیش کے گھر والوں میں سے کسی کو بھی خوف زدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ حکومت آپ لوگوں کے ساتھ ہے ۔"

    ہوم منسٹر نے مزید کہا : "کوٹا سب انسپکٹر نے 27 دسمبر کو اس معاملہ سے اپنے اعلیٰ افسران کو لاعلم رکھا تھا ۔ چونکہ اس نے اپنے آپ کو سب سے اعلیٰ سمجھ لیا تھا ، اس لئے معاملہ بد سے بدتر ہوگیا ۔ سماج میں امن بنائے رکھنے اور مجرموں کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس محکمہ موجود ہے ۔ خود پولیس والوں کو غنڈوں اور موالیوں کی طرح برتاو نہیں کرنا چاہیے ۔ عوام کی حفاظت کرنے کے لئے ریاست میں ایک لاکھ پولیس والے موجود ہیں ان میں سے بعض اہلکار  کوٹا پولیس سب انسپکٹر قسم کے بھی ہوتے ہیں ۔" 

    وزیر داخلہ اراگا نے نئے شادی شدہ جوڑے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا :" میں خود بھی کورگا طبقہ کے لوگوں کے ساتھ پلا بڑا ہوں ۔ مجھے ان کا دکھ معلوم ہے ۔  سماج کے سب سے نچلے پائیدان پر رہنے والا یہ بے قصور طبقہ شاذ و نادر ہی مہندی جیسی تقریبات منعقد کرتا ہے ۔ اس واقعہ سے پوری کورگا برادری صدمہ میں ہے ۔  اس دن لاٹھی چارج  سے متاثر ہونے والوں کو حکومت دو لاکھ روپے معاوضہ ادا کرے گی ۔"

    وزیر داخلہ کے ساتھ دورے پر آئے ہوئے وزیر کوٹا سرینواس پجاری نے کہا :" آج خود حکومت چل کر کورگا برادری کے دروازوں تک آئی ہے ۔ حکومت متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کی پابند ہے ۔ میں دوبارہ اس مسئلہ پر وزیر اعلیٰ سے گفتگو کروں گا ۔"

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کورما راو، ایس پی وشنو وردھن، فوڈ اینڈ سول سپلائز کارپوریشن کے نائب صدر کمار کوڈگی ، گرام پنچایت صدر اشوینی دینیشا، سالیگرام گرام پنچایت صدر سولتا ہیگڈے اور مقامی لیڈران موجود تھے ۔

    این سی او نے طلب کی وضاحت :     نیشنل کمیشن فار ویمن کی صدر شیاملا کوندر نے اس مسئلہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا : " بے قصور کورگا طبقہ پر پولیس نے جو ظلم و ستم کیے ہیں اس سے محکمہ پولیس پر سے عوام کا اعتماد ختم ہوجاتا ہے ۔ سماج کی حفاظت کے ذمہ دار پولیس والوں کے اس رویہ سے سماج کے اندر غلط پیغام جاتا ہے ۔ ہم نے اس معاملہ میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے وضاحت طلب کی ہے ۔ آنے والے دنوں میں حقائق کی جانچ پڑتال کے بعد ضروری کارروائی کریں گے ۔"

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی

اُڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر حادثہ - بائک سوار ہلاک

اڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر پیش آئی  بائک اور ٹرک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ۔     مہلوک شخص کی شناخت ہیرور کے رہائشی  کرشنا گانیگا  کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کہ اُڈپی میونسپالٹی میں الیکٹریشین کے طور پر ملازم تھا ۔

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا

جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔

بی جے پی نے کانگریس ایم ایل اے کو 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی؛ سدارامیا کا الزام

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ کانگریس کے اراکین اسمبلی کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کرکے 'آپریشن لوٹس' کے ذریعے انکی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔