اُڈپی: کے اے ایس عہدیدار کے مکان پر اے سی بی کا دھاوا
اُڈپی، 21/ستمبر (ایس او نیوز) انسداد رشوت ستانی محکمہ (اے سی بی) کے عہدیداروں نے سابق کنداپور اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ایس ایس مدھو کیشور کے رہائشی کوارٹرس پر دھاوا کر کے 3.08لاکھ روپئے کی غیر محسوب رقم برآمد کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کے اے ایس عہدیدار کا حال ہی میں تبادلہ ہوا تھا اور 19/ستمبر کو انہیں ڈیوٹی سے سبکدوش کردیا گیا۔ اے سی بی کے دپٹی سپرنٹنڈنٹ دینا کر شیٹی اور دیگر عہدیداروں نے دستاویزات، ریونیو کورٹ کی فائلیں اور 3.08لاکھ روپئے نقد رقم برآمد کی۔ مدھو کیشور عہدیداروں کو اس رقم کے ذریعہ کے تعلق سے مبینہ طور پر وضاحت نہیں کرسکے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کا تبادلہ کردیا گیا تھا اور انہوں نے 16/ستمبر کو نئے عہدیدار کو ذمہ داری بھی حوالے کردی تھی، اس کے باوجود وہ اپنے کوارٹرس سے ریو ینیو کورٹ کے فائلس سنبھالتے رہے۔ وہ مبینہ طور پر ہر زیر التواء فائل کو منظور کرنے 25ہزار تا ایک لاکھ روپئے چارج کررہے تھے۔ مدھوکیشور سابق میں دھار واڑ کے حصول اراضی عہدیدار کے طور پر کام کررہے تھے۔ چند ماہ قبل انہیں کنداپور کا اے سی بنایا گیا۔ اے سی بی ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں، مدھو کیشور کے رینیو کورٹ کی فائلوں کو سنبھا لنے سے متعلق ایک وکیل کے ذریعہ خبر ملی تھی اور جمعرات کو دھاوا کا منصوبہ بنایا گیا۔ جمعرات کو کنداپور کی خصوصی عدالت سے اجازت حاصل کرتے ہوئے اے سی بی عہدیدار نے مدھوکیشور کے خلاف تلاشی وارنٹ جاری کیا اور اطلاعات کے مطابق انہوں نے تعاون کیا۔ اگرچہ کہ مدھو کیشور کے پاس سبکدوشی کی تاریخ سے ایک ماہ کی مدت تک کوارٹرس میں مقیم رہنے کا حق تھا مگر فائلیں سنبھالنے پر اے سی بی عہدیداروں کو ان پر شبہ ہوا۔