اڈپی :برساتی پانی میں بہہ جانے والی اسکولی بچی کی لاش بر آمد
اڈپی30؍مئی (ایس او نیوز) یہاں سے قریب پڈوبیدری میں منگل کے دن اسکول سے لوٹتے وقت برساتی پانی میں بہہ جانے والی 9سالہ معصوم بچی کی لاش برآمد کرلی گئی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق نیدی اچاریہ (9سال) نامی بچی اپنی بڑی بہن نیشا (12سال) کے ساتھ اس کے سائیکل پر اسکول سے لوٹ رہی تھی۔ جب وہ دونوں ایک چھوٹا سا برڈج کراس کررہے تھے تو بارش کے تیز پانی کی وجہ سے وہ دونوں اپنے آپ پر قابونہیں رکھ سکے اوردیکھتے ہی دیکھتے تیز دھارے میں بہہ گئے۔مقامی لوگ فوراً ان کی مدد کو دوڑ پڑے اور نیشا کو بچانے میں کامیاب رہے جبکہ نیدی ان کے ہاتھ نہیں لگی۔
مقامی افراد، پولیس اور فائر بریگیڈ والوں نے نیدی کا پتہ لگانے کی پوری کوشش کی مگر وہ کامیاب نہیں ہوئے ۔ پھر بدھ کی صبح نیشنل ڈسیاسٹر ریسپانس فورس(این ڈی آر ایف) نے مقامی افراد کی مدد سے دوبارہ تلاشی مہم شروع کی تواس واقعے کو 16گھنٹے گزرنے بعدبچی کی لاش جائے وقوع سے 100میٹرکی دوری پر برآمد ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر پریانکا میری فرانسس نے موقع پر پہنچ کر جائزہ لیا اور 4لاکھ روپے بعد از مرگ(ایکس گریشیا) معاوضہ دینے کا اعلان کیا۔پڈوبیدری پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کردیا گیا ہے۔