وزٹ ویزا پردبئی اور یو اے ای کا سفر ہوا مشکل؛ 3 تا 6 ہزار درہم ، واپسی کا ٹکٹ اور قیام کے انتظامات کی پیشگی تصدیق ضروری؛ ائرپورٹ میں پھنسے ہیں کئی مسافر
دبئی 24 / مئی (ایس او نیوز) متحدہ عرب امارات کی طرف سے نئی ویزا پالیسی اور سخت امیگریشن اصول لاگو کیے جانے کی وجہ سے کئی انڈین ائرپورٹ پر ہی مسافروں کو طیاروں میں سوار ہونے سے روکا جارہا ہے جبکہ کئی مسافروں کو یو اے ای کے ہوائی اڈوں سے واپس بھیجا جا رہا ہے ۔ پتہ چلا ہے کہ بھٹکل سمیت اطراف بھٹکل کے کافی لوگ دبئی ائرپورٹ میں ہیں پھنسے ہیں اور اب اُنہیں واپس انڈیا جانے کے علاوہ دوسرا راستہ نہیں ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات نے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے بہت سے ممالک کے باشندوں کے لیے ویزا فری سفر سمیت ویزا پالیسیوں میں آسانی کا اعلان کیا تھا ۔ لیکن اب متحدہ عرب امارات نے انڈیگو سمیت تمام ایئر لائنز کو ہدایت دی ہے کہ وہ مسافروں کو دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کی پروازوں میں سوار ہونے کی اجازت دینے سے پہلے نئے ضوابط پر سختی سے عمل کریں اور صرف نئے رہنما خطوط پر پورا اترنے والے مسافروں کو ہی سفر کرنے کی اجازت دیں۔
کیا ہیں یہ امیگریشن کے نئے اصول ؟ : وزٹ ویزا پر متحدہ عرب امارات آنے والوں کے لیے یو اے ای کے امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ نئے رہنما اصول کے مطابق :
۱۔ ہوائی اڈے کے اہلکار یو اے ای کے دورے پر آنے والے مسافر سے اس کے سفر کا مقصد، رہائش کی سہولیات، اور اخراجات کے لیے دستیاب رقم کے بارے میں پوچھ گچھ کریں گے ۔ تسلی بخش جواب نہ دینے والوں کو ایئرپورٹ سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی ۔
۲۔ ملازمت کے ویزوں پر آنے والے افراد کو اپنے داخلے کے اجازت نامے پر ضروری ویزا طریقہ کار کو مکمل کرنا ہوگا، جو انہیں متحدہ عرب امارات میں کام کرنے کی اجازت دیتا ہے ۔
۳۔ اگر دورے کا مقصد سیاحت ہے، تو ایسے مسافروں کے پاس اپنے قیام کی مدت تک ہوٹل کی بکنگ کی تفصیل، واپسی کا کنفرم ٹکٹ، اور یو اے ای میں قیام کے دوران اخراجات کے لیے ایک مہینے کا ویزا رکھنے والوں کے لئے 3000 درہم (تقریباً 68,000 روپے)اور تین ماہ کا ویزا رکھنے والے مسافروں کے لئے 5,000 یو اے ای درہم (تقریباً 1.3 لاکھ روپے) کا ہونا ضروری ہے جس کی تفصیلات ایئر پورٹ اہلکاروں کے سامنے پیش کرنی ہوگی ۔
۴۔ اخراجات کے لئے ضروری رقم نقد یا کریڈٹ کارڈ کی شکل میں بھی قابل قبول رہے گی ۔
۵۔ اگر کسی رشتہ دار یا دوست کے پاس قیام کرنا ہے، تو متعلقہ رشتہ دار یا دوست کے ویزا اور پاسپورٹ کی کاپیوں کے ساتھ ساتھ ان کے پتے، فون نمبر اور رہائش کی جگہ کی تفصیلات امیگریشن افسران کے سامنے پیش کرنی ہوگی ۔ ایسی صورت میں رہائشی فلیٹ یا کرایہ کا فلیٹ متعلقہ شخص کے نام پر ہونا ضروری ہے۔
یو اے ای کے امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے اپنے ہوائی اڈوں پر معائنہ اور اسکریننگ میں اضافہ کر دیا ہے تا کہ وزٹنگ ویزے پر آنے والے ملازمت کے متلاشیوں کی شناخت کی جا سکے ۔ وزٹنگ ویزا یا ٹورسٹ ویزا پر آنے والوں کو یو اے ای میں ملازمت کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔ ٹریول ایجنسیوں اور بھرتی ایجنسیوں کے لیے وزٹ ویزا رکھنے والوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا وعدہ کرنا غیر قانونی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ کیرالہ کے کوٹائم اور دیگر اضلاع کے کئی مسافروں کو ناکافی سفری دستاویزات کی وجہ سے حراست میں لیا گیا ہے ۔ جس کے بعد یو اے ای ویزا کے نئے ضوابط لاگو ہونے کے بعد کیرالہ کے کوچی اور کوزی کوڈ ہوائی اڈوں پر سخت جانچ پڑتال شروع ہوئی ہے ۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق صرف بدھ کے روز، کوچین بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 20 سے زیادہ مسافروں کو سوار ہونے سے روک دیا گیا تھا، جب کہ کالی کٹ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر روزانہ پانچ چھ ایسے واقعات ہوتے ہیں ۔ اب تک، کوزی کوڈ میں کم از کم 30 مسافروں کو اپنا سفر منسوخ کرنا پڑا ہے ۔
یہ پہلا موقع ہے جب متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کے لیے ہوائی اڈوں پر اس طرح کے سخت اقدامات نافذ کیے گئے ہیں۔
ائیرلائن کمپنیوں کا کہنا ہے کہ منگل کی رات کو انہیں یو اے ای حکام کی طرف سے نئے ضوابط پر عمل در آمد کی ہدایات موصول ہوئیں جس میں کہا گیا ہے کہ اگر مناسب دستاویزات کے بغیر مسافر متحدہ عرب امارات پہنچتے ہیں تو ایئر لائنز کمپنیاں ذمہ دار ہوں گی اور انہیں فی مسافر 5000 درہم جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ اس لئے اب ہوائی کمپنیوں کی طرف سے ان رہنما اصولوں کو سختی کے ساتھ نافذ کیا جا رہا ہے ، جس کے نتیجے میں پچھلے تین چار دنوں میں صرف وزٹ ویزا اور ہوائی ٹکٹ رکھنے والے بہت سے مسافروں کو دیگر دستاویزی ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے بورڈنگ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا گیا ۔ متحدہ عرب امارات میں رشتہ داروں اور دوستوں کے لیے ویزا کی تفصیلات اور رابطے کی معلومات فراہم کرنے کے بعد بھی انہیں سفر کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
دوسری طرف یو اے ای سے بھی خبریں مل رہی ہیں کہ وہاں پر امیگریشن افسران کے سامنے ضروری اور مصدقہ تفصیلات پیش نہ کرنے والے مسافروں کو ایئر پورٹ پر ہی روکا جا رہا ہے اور کئی گھنٹے انتظار کے بعد انہیں واپس ہندوستان بھیجا جا رہا ہے ۔ جن لوگوں کو مطلوبہ دستاویزات اور تفصیلات نہ ہونے کی وجہ سے سفر منسوخ کرنا پڑا ہے اور ہوائی اڈوں پر گھنٹوں انتظار کرنے کے بعد گھر واپس لوٹنا پڑا ہے، ایسے مسافروں کو ٹکٹ کی رقم کی واپسی یا دوبارہ سفر کی ری شیڈولنگ کے اختیارات بھی نہیں دئے جا رہے ہیں ۔