دبئی،27؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) متحدہ عرب امارات نے منگل کے روز کرونا وائرس کے 779 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے اور پانچ اموات کی اطلاع دی ہے۔
یو اے ای کی وزارت صحت کے مطابق اب تک کووِڈ-19 میں مبتلا ہوکر وفات پانے والوں کی تعداد 253 ہوگئی ہے اور کل 31086 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے مریضوں کا بروقت سراغ لگانے کے لیے ملک بھر میں ٹیسٹوں کا نظام فعال انداز میں کام کررہا ہے اور اب تک بیس لاکھ سے زیادہ افراد ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
کرونا کے مریضوں کی تشخیص کے بعد انھیں الگ تھلگ کردیا جاتا ہے اور ان کا علاج کیا جاتا ہے۔وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے مزید 325 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور اب تک علاج اور بہتر نگہداشت کے بعد شفایاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 15982 ہوگئی ہے۔
یو اے ای کے وزیر صحت ڈاکٹر عبد الرحمان الاویس کا کہنا ہے کہ '' ہم ملک میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے فعال حکمتِ عملی اختیار کررہے ہیں۔اس وقت ہم ایک ایسے اہم موڑ پر کھڑے ہیں جہاں ہر کسی کو اپنی انفرادی ذمے داری نبھانے کی ضرورت ہے۔ہم سب کو معاشرے کے تعلق سے اپنی ذمے داری ادا کرنی چاہیے اور اس بحران سے نمٹنے کے لیے اپنی قیادت کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا چاہیے۔''