یو اے ای:30؍اگست سے فاصلاتی تدریس کے ذریعے نئے تعلیمی سال کے آغاز کا اعلان

Source: S.O. News Service | Published on 9th June 2020, 12:54 PM | خلیجی خبریں |

ابوظہبی،9؍جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) متحدہ عرب امارات میں 30 اگست سے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوگا لیکن تدریسی عمل فاصلاتی نظام کے ذریعے ہی جاری رہے گا اور طلبہ بدستور گھروں ہی میں رہ کر تعلیم حاصل کریں گے۔

امارات کے وزیر تعلیم حسین ابن ابراہیم الحمادی نے سوموار کو نئے تعلیمی سال کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق وزیر تعلیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ''تعلیم بدستور حکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور ترجیحی قومی مقاصد میں سے ایک ہے۔اس لیے ہماری قیادت نے موجودہ صورت حال میں فاصلاتی تعلیمی نظام کے نفاذ کی ہدایت کی ہے تاکہ ہمارے طلبہ کی پڑھائی کا کوئی حرج ہو اور نہ ان کے تعلیمی سال کا کوئی ایک دن ضائع ہو۔''

یو اے ای میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مارچ کے اوائل میں اسکول بند کردیے گئے تھے۔کئی ہفتے کے وقفے اور مسیحیوں کے تیوہار ایسٹر کے بعد محکمہ تعلیم کے حکام نے فاصلاتی تدریس کاآغاز کیا تھا اور طلبہ آن لائن وسائل سے استفادہ کرتے ہوئے گھروں ہی میں رہ کر تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

اسکولوں کی انتظامیہ اور اساتذہ تعلیمی سال کے آغاز سے ایک ہفتہ قبل 23 اگست کو حاضر ہوں گے اور تدریسی عمل کی تیاریاں شروع کردیں گے۔

وزیر تعلیم الحمادی نے کہا کہ یو اے ای کی قیادت کی ''روشن خیال پالیسی'' اور طلبہ اور ان کے والدین کے عزم کی وجہ سے فاصلاتی تدریس کا پروگرام کامیابی سے چل رہا ہے۔

فاصلاتی تدریس: دنیا کے دوسرے ممالک میں بھی کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ پابندیوں میں نرمی کی جارہی ہے۔لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد بہت سے ممالک میں اسکولوں دوبارہ کھولنے پر غور کیا جارہا ہے۔

یو اے ای کے ہمسایہ ملک سعودی عرب کے وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ نے قبل ازیں اپریل میں کہا تھا کہ مملکت میں بعد از کرونا ماحول میں بھی فاصلاتی تدریس کو تزویراتی انتخاب کے طور پر جاری رکھنے پر غور کیا جارہا ہے۔

آل الشیخ نے کہا کہ ''کرونا وائرس کے بحران کے بعد برقی تدریس ویسی نہیں ہوگی جیسی یہ پہلے تھی۔بالخصوص ای لرننگ اور اس کی ٹیکنالوجیوں کے عالمی سطح پر ترقی کرتے ہوئے رجحانات کے پیش نظر یہ تدریسی عمل مستقبل میں ایک آپشن ہے اور یہ صرف غیر معمولی حالات ہی کے لیے کوئی متبادل نہیں ہے۔''

ایک نظر اس پر بھی

تہوار کے موسم میں گلف - منگلورو ہوائی کرایہ آسمان چھو گیا - دبئی سے منگلورو ایک طرفہ کرایہ ہوگیا 70 ہزار روپے !

موسم گرما کی چھٹیاں ، ایسٹر، یوگادی اور عید کے تہواروں کا موسم قریب آتے ہی دبئ سے منگلورو تک کا ہوائی کرایہ آسمان کو چھونے لگا ہے جس کی وجہ سے  جو ایک طرفہ کرایہ زیادہ سے زیادہ 30 ہزارو روپے تک چل رہا تھا اب بڑھ کر 70 ہزار روپوں کے نشان تک پہنچ گیا ہے ۔    

سعودی عربیہ میں المناک سڑک حادثہ؛ منگلورکے ایک ہی خاندان کے چار لوگوں کی موت

ریاض کے مضافاتی علاقہ زُلفیٰ میں پیش آئے ایک المناک کار حادثے میں مینگلورو کے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں 3 ماہ کا بچہ بھی شامل ہے۔ حادثہ بدھ کی شب کو اُس وقت پیش آیا جب یہ لوگ عمرہ  کے لیے قطر سے مدینہ منورہ (سعودی عرب) جا رہے تھے۔ 

بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے لیے نئے عہدیداران کا انتخاب: شہریار خطیب صدر اور جیلانی محتشم بنے جنرل سکریٹری

جماعت کے سرگرم رکن جناب شہریار خطیب گلف کی بھٹکلی جماعتوں میں سب سے زیادہ مضبوط اور سرگرم سمجھی جانے والی بھٹکل مسلم جماعت کے صدرمنتخب ہوگئے ، جبکہ جناب جیلانی محتشم جنرل سکریٹری کے عہدہ پر فائز ہوگئے ہیں۔ نائب صدر کے عہدہ پر عمران خطیب، سکریٹری اول کے طور پرعبدالوسیع خلیفہ، ...

سعودی عربیہ میں چاند نظر آگیا؛ سعودی سمیت عرب امارات، بحرین اور دیگر گلف ممالک میں رمضان کا اعلان؛ عمان میں ایک دن بعد یعنی منگل کو ہوگا پہلا روزہ

سعودی عربیہ میں آج اتوار شام کو چاند نظر آنے کے بعد سعودی عربیہ سمیت  متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین اور کویت  میں    رمضان کا اعلان کیا گیا ہے۔البتہ مسقط میں رویت ہلال ثابت نہیں ہوا، اس لئے وہاں رمضان کا اعلان نہیں ہوا ہے۔

دبئی سمیت عمان میں بھی گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش

  دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کی مختلف شہروں  میں موسلا دھار بارش  ہونے سے کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق  ہفتہ کی صبح  دبئی ،ابو ظبی، فجیرا اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ دبئی کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش کے ...

سعودی عرب کے ریاض میں دنیا کا بلند ترین ٹاور تعمیر ہوگا

الریاض میں دنیا کا بلند ترین ٹاور تعمیر ہوگا جس کی اونچائی دو کلو میٹر ہو گی۔سبق ویب سائٹ کے مطابق ’architects journal‘ نے کہا ہے کہ برطانوی کمپنی ریاض میں تعمیر ہونے والے بلند ترین ٹاور کا ڈیزائن تیار کر رہی ہے۔توقع کی جارہی ہے کہ ریاض میں تعمیر ہونے والا ٹاور برج خلیفہ سے بلند ہوگا ...