جموں و کشمیر: دہشت گردوں کے ساتھ تصادم میں 2 جوان ہلاک ، 3 دیگر زخمی
سری نگر، 11/اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) جموں و کشمیر میں ایک بار پھر سیکورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان تصادم کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اننت ضلع کے دور دراز علاقے میں ہفتہ کے روز دہشت گردوں کے ساتھ ہوئے تصادم میں 2 جوان ہلاک ہو گئے۔ 3 دیگر جوان زخمی بھی ہوئے ہیں جن کا علاج اسپتال میں چل رہا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان یہ تصادم اہلان گڈولے علاقے میں پیش آیا جو ہنوز جاری ہے۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز کے جوان دہشت گردوں کو منھ توڑ جواب دے رہے ہیں۔ ذرائع سے مل رہی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کو علاقے میں کچھ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، اس کے بعد پورے علاقے میں تلاشی مہم چلائی گئی۔ اسی دوران دہشت گردوں کے ساتھ تصادم ہوا اور تلاشی مہم اب بھی جاری ہے۔
ایک خبر رساں ایجنسی کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ تصادم میں 5 جوان زخمی ہوئے تھے۔ ان سبھی کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا جہاں 2 جوان شہید ہو گئے۔ باقی 3 زخمیوں کا علاج چل رہا ہے۔ اس تصادم میں 2 مقامی شہریوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ملی ہے۔ انھیں بھی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
افسران کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد جنوبی کشمیر ضلع کے کوکیرناگ علاقہ واقع اہلان گڈولے میں گھیرابندی اور تلاشی مہم شروع کی۔ دہشت گردوں کی طرف سے تلاشی ٹیم پر گولی باری کرنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی۔ اس طرح تصادم شروع ہو گیا جو اب بھی جاری ہے۔