اے پی ایم سی میں زیر تعمیر پارکنگ لاٹ منہدم ، دو ہلاک
بنگلورو،6؍اپریل(ایس او نیوز) آج صبح شہر کے آر ایم سی یارڈ میں ہمہ منزلہ پارکنگ لاٹ بنانے کے لئے زیر تعمیر ڈھانچہ گر پڑا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور بارہ زخمی ہوگئے۔ مہلوکین کی شناخت راکیش 21 اور راہل گوسوامی 19کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ زخمیوں کی شناخت دیوراج ، ہنومنتا، ملیکارجن ، دوڈپا، سدپا، گریج ، عبدالحمید شیخ ، چھوٹو بھائی، شام گوسوامی ، نیازالشیخ اور ناصر شیخ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ان میں سے دو کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ باقی زخمی خطرے سے باہر قرار دئے گئے ہیں۔ آر ایم سی یارڈ پولیس تھانے کے عقب میں اے پی ایم سی کے احاطے میں 22کروڑ روپیوں کی لاگت پر کثیر منزلہ کارپارکنگ تعمیر کی جارہی تھی۔ اس کی تعمیر کا ٹھیکہ اسٹار کنسٹرکشن کمپنی کو دیا گیا تھا اور پورا کرنے کے لئے 24 ماہ کی مہلت دی گئی تھی۔ پچھلے چند دنوں سے یہاں پر کام جاری تھا، کل تیسری منزل کے لئے کانکریٹ بچھانے سنٹرنگ لگانے کا کام کیا جارہا تھا کہ رات4-40 بچے کے قریب سنٹرنگ کے پائپ کھسکنے کی وجہ سے عمارت کا اوپری حصہ منہدم ہوگیا۔ حادثے کے فوری بعد پولیس ، فائر فورس اور دیگر نے جائے وقوع پر پہنچ کر راحت کاری شروع کردی۔ شدید زخمی حالت میں دونوں مہلوکین کو نکالا گیا اور اسپتال لے جاتے ہی دونوں نے دم توڑ دیا۔ آر ایم سی یارڈ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرتے ہوئے اسٹار کنسٹرکشن کے کنٹراکٹر اوما شنکر کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس واقعے کے بعد اے پی ایم سی کے سکریٹری انیل کمار نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت بھی کی۔