بھٹکل میں سمرن کوچنگ سینٹر کی جانب سے 6 اور7 اکتوبر کو دو روزہ ایگزی بیشن کا اہتمام: خواتین کے لئے سنہرا موقع

بھٹکل 3/اکتوبر (ایس او نیوز) خواتین کو فنی تربیت فراہم کرنے والے سمرن کوچنگ سینٹر کی جانب سے مورخہ 6 اور 7 اکتوبر کو خواتین کے لئے دو روزہ ایکزی بیشن کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں سمرن کوچنگ سینٹر سے فارغ شدہ خواتین سمیت دیگر خواتین کی طرف سے مختلف قسم کے سلائی کے کپڑے، پکوان کے مختلف ڈشس، فیشن ڈیزائننگ کے نمونے، مہندی کے خوبصورت نمونے، بچوں کے کھلونے، زیورات وغیرہ کی نمائش کی جائے گی اور خواتین کے اندر پائی جانے والی فنی صلاحیتوں کو اُجاگر کیا جائے گا۔
ساحل آن لائن کو معلومات فراہم کراتے ہوئے سمرن کوچنگ سینٹر کی مینجنگ ڈائرکٹر محترمہ سجیلہ کولا نے بتایا کہ سمرن کوچنگ سینٹر کی طرف سے یہ چوتھا ایکزی بیشن ہے جس میں خواتین کے اندر پائی جانے والی مخفی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور خواتین کے ذریعے ہی خواتین کے اندر یہ احساس پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ وہ بھی گھر بیٹھے غربت کے خاتمے اور ملک کی معیشت کے سہارے معاشرتی ترقی کو یقینی بناسکتی ہیں۔ سجیلہ کولانے بتایا کہ جس طرح تعلیم کو زیور سمجھا جاتا ہے اسی طرح ہنر خواتین کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔ ان کے مطابق مشکل حالات میں عورتوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اُنہیں خود آگے بڑھ کر حالات کو سنبھالنے کی ضرورت ہے۔ آگے بتایا کہ ایکزی بیشن کے ذریعے جو خواتین اپنے ہنر کا مظاہرہ پیش کریں گی، اُس سے اُن خواتین کے بنائے گئے پروڈکٹ کی تشہیر ہوگی ۔ جس کے نتیجے میں اُن کا مال آسانی کے ساتھ مارکٹ میں بِک سکتا ہے۔
دو روزہ ایکزی بیشن کے تعلق سے انہوں نے بتایا کہ 6/اکتوبر کو صبح 11 بجے نمائش کا افتتاح ہوگا، جبکہ اگلے روز یعنی 7/اکتوبر کو رات نو بجے تک یہ ایکزی بیشن چلے گا۔ سجیلہ کولا کے مطابق اس سے قبل اپریل 2018 کو اسی کوچنگ سینٹر کی جانب سے پہلا ایکزی بیشن منعقد ہوا تھا، اُسی سال مئی میں دوسرا اور جنوری 2019 میں تیسرا ایکزی بیشن ہوا تھا اور اب 6/ اکتوبر کو چوتھا ایکزی بیشن ہورہا ہے۔ اس بار بندر روڈ پر واقع المدینہ ہال میں ایکزی بیشن رکھا گیا ہے۔ انہوں نے تمام خواتین سے اس ایکزی بیشن میں شریک ہونے کی درخواست کی ہے ۔
بتایا گیا ہے کہ سمرن کوچنگ سینٹر میں بچیوں اور عورتوں کو دستکاری، سلائی ، کڑھائی، مہندی ڈیزاننگ، فیشن ڈیزائننگ اور کوکنگ وغیرہ کی تربیت دی جاتی ہے۔ مزید تفصیلات کے لئے محترمہ سجیلہ کولا سے موبائل نمبر 9164984345 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔