بھٹکل 25/مارچ (ایس او نیوز) یہاں کار اسٹریٹ پر واقع ایک مکان کی چھت سے دو لڑکے نیچے گر کر جاں بحق ہوگئے، انا للہ و انا الیہ راجعون
انظف منیار بڑے ہونہار، سلیقہ مند، شریف النفس اور بڑے ہی دلچسپ طالب علم تھے۔ نویں جماعت میں داخل تھے۔ اساتذہ اور ٹیچرس کے منظور نظر تھے۔ درجہ کے تمام ساتھیوں کے چہیتے اور ہر دلعزیز تھے۔ موت سے کس کو دستگاری ہے نونہال سینٹرل اسکول اپنے اس مایہ ناز طالب علم کو سلامی پیش کرتا ہے۔ ہم اسکول کے انتظامیہ، تمام اساتذہ، ٹیچرس اور طلباء طالبات دعا گو ہیں کہ اللہ ہمارے اس شاہین صفت طالب علم کو جنت الفردوس نصیب فرمائے۔ اس کے والدین اور اقارب کو صبر جمیل نصیب فرمائے۔۔۔ نونہال سینٹرل اسکول بھٹکل |
انتقال کرنے والوں کی شناخت محمد فہد منیار (22) اور اس کا چھوٹا بھائی محمد انظف منیار (13)کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
فہد کے بھائی فہیم منیار نے بتایا کہ دونوں بھائی کھیلتے کھیلتے اچانک فرسٹ فلور پر واقع مکان کی چھت (ٹیریس) پر چلے گئے تھے، جہاں سے نیچے گر گئے، فہیم کے مطابق دونوں کو الیکٹرک شاک بھی لگا تھا۔
سمجھا جارہا ہے کہ دونوں بھائی اوپر چھت پر پہنچ کر نیچے سنسان روڈ کو دیکھ رہے تھے جہاں پولس والے گاڑیوں کو روک رہے تھے، اس دوران اچانک فہد ٹیریس کے کنارے سے گرنے لگا تو اُس نے ٹیریس سے لگے الیکٹرک کھمبے یا کیبل کر پکڑ لیا، الیکٹرک شاک لگتے ہی وہ نیچے گرنے لگا۔ غالباً بھائی کو نیچے گرتا دیکھ کر انظف نے اپنے بھائی کو پکڑنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں اُسے بھی الیکٹرک شاک لگ گیا اور دونوں نیچے گرپڑے۔
بتایا گیا ہے کہ فہد کی بھٹکل سرکاری اسپتال لے جانے تک موت واقع ہوگئی، جبکہ انظف کو نازک حالت میں بھٹکل سے فوری طور پر اُڈپی اسپتال لے جایا گیا، جہاں پہنچنے کےبعد اُس نے بھی دم توڑ دیا۔ اللہ دونوں کی مغفرت فرمائے اور گھروالوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
بتایا گیا ہے کہ فہد کچھ سالوں سے وجے واڑہ میں ملازمت کرتا تھا، قریب دو ماہ قبل ہی وہ بھٹکل آیا تھا، واپس جانے والا تھا مگر کورونا کی ہوا چلنے کی وجہ سے نہیں جاسکا تھا۔ اس کے والد قریب 30 سالوں سے وجے واڑہ میں ملازمت کرتے ہیں۔ یہ لوگ کار اسٹریٹ میں واقع عمارت کے پہلے مالہ پر کرائے کے فلیٹ میں رہتے ہیں۔ محمد انظف کے تعلق سے معلوم ہوا ہے کہ وہ نونہال سینٹرل اسکول میں نویں کلاس میں پڑھ رہا تھا۔
ایک ساتھ دو لڑکوں کی موت واقع ہونے پر گھر والے سخت صدمے میں ہیں۔ اللہ گھر والوں کو صبر دے۔