ریحام خان نجی ٹی وی چینل کے خلاف مقدمہ جیت گئیں 

Source: S.O. News Service | Published on 13th November 2019, 7:26 PM | عالمی خبریں |

 اسلام آباد13 نومبر (آئی این ایس انڈیا)  پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان برطانیہ کی عدالت میں پاکستان کے نجی نیوز چینل ’دنیا‘ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت گئی ہیں۔چینل انتظامیہ نے ریحام خان سے غیر مشروط معافی مانگنے کے علاوہ ہرجانہ اور مقدمے پر خرچ ہونے والی رقم بھی ادا کر دی ہے۔ریحام خان نے برطانیہ کی عدالت میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ جس میں کہا گیا تھا کہ گزشتہ سال پاکستان میں عام انتخابات سے قبل پاکستان کے نجی نیوز چینل ’دنیا ٹی وی‘ کے ایک پروگرام پر ان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے تھے۔جون 2018 میں دنیا ٹی وی کے پروگرام میں شریک مہمان اور موجودہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے الزام لگایا تھا کہ ریحام خان نے عمران خان کے خلاف ہرزہ سرائی پر مشتمل کتاب اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے کہنے پر لکھی۔ریحام خان کے بقول شیخ رشید نے یہ بھی کہا تھا کہ کتاب لکھنے کے عوض ریحام خان نے شہباز شریف سے بھاری معاوضہ وصول کیا۔ریحام خان نے دنیا ٹی وی کے خلاف برطانیہ میں مقدمہ اس لیے کیا کیوں کہ مذکورہ پروگرام برطانیہ میں بھی نشر ہوا تھا۔ریحام خان کے وکیل الیکس کوکرین نے بتایا کہ ان کی موکلہ یہ مقدمہ جیت گئی ہیں۔ لہٰذا دنیا ٹی وی نے عدالت کے روبرو غیر مشروط معافی مانگنے کے علاوہ ریحام خان کو ہرجانے کی بھاری رقم بھی ادا کر دی ہے۔وکیل کا کہنا ہے کہ دنیا ٹی وی نے یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ ریحام خان پر الزامات جھوٹ پر مبنی تھے اور انہوں نے کبھی بھی شہباز شریف یا مسلم لیگ (ن) کے کسی بھی فرد سے کوئی رقم وصول نہیں کی۔یاد رہے کہ ریحام خان کی خود نوشت پر مبنی کتاب ریحام خان عام انتخابات سے 15 روز قبل 10 جولائی 2018 کو شائع ہوئی تھی۔ریحام خان نے اپنی کتاب میں عمران خان کے ساتھ شادی کے بعد کے واقعات بیان کیے تھے۔ اس کتاب کے مسودے اور واقعات کو بیان کرنے کے طریقہ کار پر ریحام خان کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔مقدمہ جیتنے پر ریحام خان نے کہا کہ یہ انصاف اور قانون کی بالادستی کی جیت ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ تکلیف دہ امر ہے کہ پاکستان میں حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف سے منسلک سیاسی رہنما اور میڈیا کا ایک حلقہ مخالفین پر جھوٹے اور سنگین الزامات لگانے سے گریز نہیں کرتا۔ریحام خان کا کہنا تھا کہ وہ پر اْمید ہیں کہ ان کی جیت سے پاکستان میں صحافتی اخلاقیات اور ایماندارانہ سیاست کو فروغ ملے گا۔خیال رہے کہ عمران خان نے جنوری 2015 میں ریحام خان سے شادی کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔ تاہم ریحام خان کہتی رہی ہیں کہ یہ شادی اکتوبر 2014 میں پاکستان تحریک انصاف کے حکومت مخالف دھرنے کے دوران ہوئی تھی۔اکتوبر 2015 میں عمران خان اور ریحام خان نے طلاق کا اعلان کر دیا تھا۔ عمران خان نے ایک انٹرویو کے دوران ریحام خان سے شادی کو اپنی زندگی کی بڑی غلطیوں میں سے ایک قرار دیا تھا۔
 

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔