ٹمکور میں نیٹ امتحانات میں رینک حاصل کرکے مفت میڈیکل سیٹ پانے والے اسٹوڈینٹس کی تہنیت؛ضلع سول جج نورالنساء نے اخلاقیات پر مبنی تعلیم پر دیا زور
ٹمکور، 30/ستمبر (عبدالحلیم منصور/ایس او نیوز) شہر کے کرسٹل پیلس میں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام فاؤنڈیشن و اکیڈمی کی جانب سے منعقدہ تہنیتی تقریب کے دوران نیٹ امتحانات میں رینک حاصل کر کے مفت میڈیکل سیٹ پانے والے شہر کے 13 طلبہ و طالبات کی اُن کے والدین کے ساتھ عزت افزائی کی گئی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر شریک ضلع لیگل سروس اتھارٹی کی ممبر سیکرٹری اور ضلع سول جج نورالنساء نے اخلاقیات پر مبنی تعلیم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسی کے ذریعے ہماری نئی نسل آگے چل کر قوم و ملت کا نام روشن کر سکتی ہے۔
انہوں نے موجودہ پرتشدد حالات کے لیے موبائل فون کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ بچوں کو چاہیے کہ وہ موبائل فون کے استعمال سے پرہیز کریں اور اپنی تعلیم پر توجہ دے کر والدین اور ملک کا نام روشن کرنے کی کوشش کریں۔ اپنے تجربات کی روشنی میں انہوں نے بتایا کہ تقریباً 80 فیصد جرائم میں موبائل فون کا عمل دخل ہوتا ہے، جبکہ اکثر پوکسو مقدمات کے پیچھے بھی موبائل فون ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے موبائل کے استعمال میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا۔
ڈسٹرکٹ سرجن ڈاکٹر اصغر بیگ نے کہا کہ دین اور دنیا کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے اور اپنے اخلاق و کردار کے ذریعے ملک و ملت کا نام روشن کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹمکور کے لیے باعث فخر ہے کہ یہاں کے طلبہ نے نیٹ امتحان میں کامیابی حاصل کر کے میڈیکل کورس میں مفت سیٹ حاصل کی ہے۔ نوجوانوں کو مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیکل کے علاوہ دیگر شعبوں پر بھی توجہ دیں اور مسابقتی امتحانات میں حصہ لے کر آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سے صرف دو مسلمان آئی اے ایس افسر ہیں، اس لیے قوم کو اس طرف بھی دھیان دینا چاہیے اور باصلاحیت طلبہ کو یو پی ایس سی اور دیگر مسابقتی امتحانات کے لیے تیار کرنا چاہیے۔
تقریب میں ضلع کے منتخب صحافیوں کے علاوہ قومی اسکیٹنگ مقابلوں کے لیے منتخب محمد اسماعیل کو بھی عزت افزائی کی گئی۔ اکیڈمی کے صدر نثار احمد عرف عارف، ثانیہ کوثر، ڈاکٹر عبدالقادر، محمد علی، محمد عروج پاشاہ، بی ایس امین، رخسانہ بانو اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔