بھارت جوڑو یاترا: راہل گاندھی کی قبائلی طبقہ کے نمائندہ وفد سے سیر حاصل گفتگو، کئی مسائل حل طلب

Source: S.O. News Service | Published on 27th September 2022, 12:07 PM | ملکی خبریں |

پلکڑ (کیرالہ) ، 27؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) ’بھارت جوڑو یاترا‘ کیرالہ میں اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ بھارت یاتریوں نے 19 دنوں میں تقریباً 420 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر لیا ہے۔ کیرالہ میں 15 دنوں کے دوران یاترا کی قیادت کر رہے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے ملاقات کی۔ الگ الگ مکتبہ فکر اور الگ الگ شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے راہل گاندھی کو اپنے مسائل کھل کر بتائے بھی اور کانگریس لیڈر کو ذمہ داری سونپی کی وہ ان مسائل کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں۔ بھارت جوڑو یاترا کے تحت آج راہل گاندھی نے خاص طور پر پلکڑ ضلع کے اٹاپڈی میں قبائلی برادریوں کے لیڈروں اور نمائندوں سے ملاقات کی۔

اس ملاقات اور بات چیت کا آغاز اتحاد پر مبنی ایک گیت سے ہوا جسے قبائلیوں کے وفد نے ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے لیے وقف کیا تھا۔ گانے کے ساتھ رقص بھی پیش کیا گیا جو انتہائی دلکش تھا۔ راہل گاندھی نے اس پرفارمنس کی دل کی گہرائیوں سے تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ تقریباً رقص کرنے کے لیے اٹھ گئے، لیکن چونکہ وہ اسٹیپس نہیں جانتے تھے، اس لیے انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ اگلی بار اسٹیپس سیکھیں گے اور ان کے ساتھ رقص کریں گے۔

راہل گاندھی کے سامنے وفد کے ایک نمائندہ نے قبائلی علاقوں میں مقابلہ جاتی امتحانات کے لیے کوچنگ سینٹرز کی ضرورت کا اظہار کیا۔ اسی طرح قبائلی طب کی مشق کرنے والے کمیونٹی کے ایک ڈاکٹر نے قبائلی ادویات کو آیوش میں شامل کرنے کی گزارش بھی کی۔ وفد میں شامل کچھ لوگوں نے قبائلی طلباء میں اسکول اور کالج چھوڑنے کی روش کو روکنے کے لیے رہنمائی پر مبنی پروگراموں کی ضرورت پر زور دیا۔

راہل گاندھی نے سبھی لوگوں کی باتیں بغور سنیں اور انھیں یقین دلایا کہ ان مسائل کو دور کرنے کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ راہل گاندھی نے امریکہ میں کی گئی ایک تحقیق کا بھی تذکرہ کیا جس میں اخذ کیا گیا کہ افریقی نژاد امریکیوں اور مقامی آبادیوں کو SAT میں پیش ہوتے ہوئے واضح اور پوشیدہ دونوں طرح کے امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسا تعلیمی نظام جو امتحانات کو ڈیزائن کرتے وقت قبائلیوں کے تجربات کو مدنظر نہیں رکھتا ہے، قبائلی طلباء کو نقصان میں ڈالتا ہے۔ وہ کہتے ہیں ’’میں مانتا ہوں کہ قبائلی ثقافت ہر دوسری ثقافت کی طرح اہم ہے۔ بہتر نہیں، لیکن تمام ثقافتوں کے برابر ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے اس درمیان پایا کہ قبائلی لوگ جنگلات کے بہترین محافظ ہیں اور نوکرشاہوں اور ماہرین کے مقابلے ماحول کو زیادہ بہتر طور پر سمجھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ بات قابل فہم ہے کہ قبائلی طالب علم اس اسکولنگ سسٹم میں گھٹن محسوس کر سکتے ہیں جو تعلیمی نظام میں ان کی روایات اور عقائد کو شامل نہیں کرتا ہے۔ ہمیں اپنے نصاب میں قبائلی ثقافت کے عناصر کو شامل کرنا ہوگا۔

قبائلیوں نے راہل گاندھی سے بات چیت کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے ان کی عبادت گاہوں پر قبضہ کرنے اور انہیں باہر دھکیلنے کی بھی شکایت کی۔ انھوں نے بتایا کہ اب وہ پوجا کرنے کے لیے رقوم کی ادائیگی پر مجبور ہیں اور انہیں دیوتاؤں کو چھونے کی اجازت بھی نہیں ہے۔ وفد میں شامل ایک قبائلی نے بہتر طبی سہولیات اور ہسپتالوں کی درخواست کی کیونکہ انہیں کسی بھی ایمرجنسی کے دوران طویل فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے خوراک کی تبدیلیوں اور اس کے اثرات کا بھی ذکر کیا۔ راہل گاندھی قبائلیوں کے کھانے اور ادویات کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جاننا چاہتے تھے۔ انہوں نے ان سے پوچھا کہ باجرہ اور راگی سے چاول میں تبدیلی نے ان کی صحت پر کیا اثر ڈالا ہے۔

ایک دیگر قبائلی نے اپنی ثقافت اور روایات کو بچانے کے لیے راہل گاندھی سے مدد مانگی۔ انہوں نے ایک میوزیم اور آرٹس سنٹر کی درخواست کی۔ راہل گاندھی نے یہ محسوس بھی کیا کہ یہ بہت ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ قبائلی نوجوان اپنی ثقافت اور روایات پر فخر کریں۔ انہوں نے قبائلی نوجوانوں کے لیے لیول پلیئنگ گراؤنڈ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ایک نظر اس پر بھی

مدھیہ پردیش اور مرکز کی بی جے پی حکومت خاتون، نوجوان اور کسان مخالف: جیتو پٹواری

 مدھیہ پردیش میں لوک سبھا انتخابات کی مہم زور پکڑ رہی ہے۔ کانگریس قائدین کی موجودگی میں شہڈول پارلیمانی حلقہ کے امیدوار پھندے لال مارکو اور منڈلا کے امیدوار اومکار سنگھ مرکام نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ اس موقع پر کانگریس لیڈروں نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں ...

عدلیہ کی سالمیت کو خطرہ قرار دیتے ہوئے 600 وکلا کا چیف جسٹس آف انڈیا کو مکتوب

عدالتی سالمیت کے خطرے کے حوالے سے ہندوستان بھر کے ۶۰۰؍ وکلاء جن میں ایڈوکیٹ ہریش سالوے اور بار کونسل آف انڈیا کے چیئرمین منن کمار شامل ہیں نے چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچڈ کو مکتوب لکھا ہے۔ وکلاء نے ’’مفاد پرست گروہ‘‘ کی مذمت کی ہے جو عدالتی عمل میں ہیرا پھیری، عدالتی ...

ملک کی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں!

ملک کے خزانے کا حساب و کتاب رکھنے والی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ یہ انکشاف انہوں نے خود ہی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر جے پی نڈا نے مجھ سے لوک سبھا الیکشن لڑنے کے بارے میں پوچھا تھا مگر انہوں نے انکار کر دیا کیونکہ ان کے پاس الیکشن ...

مہوا موئترا نے ای ڈی کے سمن کو کیا نظر انداز، کرشنا نگر میں چلائیں گی انتخابی مہم

 ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) لیڈر مہوا موئترا نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سمن کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج کرشنا نگر لوک سبھا حلقہ میں انتخابی مہم چلائیں گی۔ انہیں دہلی میں ای ڈی کے دفتر میں پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہونے کو کہا گیا تھا۔

دہلی میں شدید گرمی، درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچا

 دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا جانے لگا ہے اور مارچ میں ہی گرمی نے اپنا زور دکھانا شروع کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو قومی راجدھانی میں رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچ ...