26نومبرکوملک گیرہڑتال کی کال،ریاستی مزدورتنظیموں کی تائید
بنگلورو،25؍اکتوبر(ایس او نیوز) کسانوں اورمزدورمخالف تمام قانونی مسودوں کوواپس لینے سمیت دیگرمانگوں کی تکمیل کے اصرارکے ساتھ 26نومبرکومزدوریونین کی جانب سے دی گئی ملک گیرہڑتال کی کال کی ریاستی مزدوروں کی جوائنٹ کمیٹی نے تائیدکی ہے۔
بروزجمعہ اے آئی ٹی یوسی کے ریاستی دفترمیں ہوئے ریاستی مزدوروں کے جوائنٹ کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیاگیا۔اجلاس میں کہاگیاکہ انکم ٹیکس زمرہ سے باہرکے تمام کنبوں کے بینک کھاتوں میں ماہانہ 7500روپے راست منتقل کئے جائیں،مستحق افرادکوماہانہ 10کلوگرم مفت راشن، دیہی علاقوں میں سال میں 200 دن کی مزدوری کی فراہمی کے ساتھ ادیوگ کھاتری اسکیم کی شہری علاقوں تک توسیع، مالیاتی علاقہ سمیت پبلک سیکٹرکی نجکاری پرفوری روک لگائی جائے۔
کمیٹی نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اورپبلک سیکٹریونٹوں کے ملازمین کی اچانک وظیفہ یابی جیسے بے رحمانہ سرکلرواپس لیاجائے۔تمام کوپنشن فراہم کی جائے،نئی پنشن اسکیم (این پی ایس)مستردکرتے ہوئے پرانی پنشن اسکیم بحال کی جائے۔اس کے علاوہ ای پی ایف۔95 میں اصلاح لائی جائے۔