کورٹ کشمیر ٹائمز کی ایڈیٹر ودیگر لوگوں کی درخواستوں پر 16 ستمبر کو کرے گا سماعت
نئی دہلی،05 /ستمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ نے جمعرات کو کہا کہ جموں وکشمیر میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہونے کے خلاف کشمیر ٹائمز کی ایگزیکٹو ایڈیٹر اور دیگر کی درخواستوں پر 16 ستمبر کو سماعت کی جائے گی۔چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی بنچ سے کشمیر ٹائمز کی ایگزیکٹو ایڈیٹر انورادھا بھسین نے کہا کہ آرٹیکل 370 کے زیادہ تر دفعات کو ختم کئے جانے کے ایک ماہ بعد بھی صحافیوں کو ریاست میں آزادانہ طور پر آنے جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔حالانکہ سالیسٹر جنرل تشار مہتہ نے بنچ سے کہا کہ کشمیر ٹائمز کے ایڈیٹرز نے اپنا اخبار شائع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مرکز نے بنچ سے کہا کہ سرینگر سے کئی اخبار شائع ہو رہے ہیں۔ اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے عدالت سے کہا کہ جموں و کشمیر میں پابندیوں پر آہستہ آہستہ ڈھیل دی جا رہی ہے۔