کرناٹکا میں دسمبر کے آخر تک اسکول اور کالج بند رکھنے کا فیصلہ
بنگلورو:23؍نومبر(ایس اؤ نیوز) ریاست کے وزیر اعلیٰ بی ایس یڈیورپا نے واضح کیا ہے کہ دسمبر کے آخر تک اسکول اور پی یوکالجس شروع نہیں کئے جائیں گے۔
اسکول اور کالج شروع کئے جانےکے متعلق تعلیمات عامہ ، صحت عامہ سمیت مختلف محکمہ جات کے ذمہ داراوں کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کرنے کے بعد اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ میٹنگ میں تعلیمی ماہرین ، صحت عامہ محکمہ سمیت مختلف محکمہ جات کے ساتھ سوچ بچار کیاگیا ۔ انہوں نے بتایا کہ دسمبر کے آخر میں پھر ایک مرتبہ میٹنگ منعقد کرتےہوئے اس تعلق سے غوروفکر کیا جائے گا۔ ماہرین نے خیال ظاہر کیا ہے کہ کسی حال میں بھی کورونا وائرس کو پھیلنےکا موقع نہ دیں۔ اسکول، کالج شروع کریں گے تو دوبارہ مشکلات کھڑی ہوسکتی ہیں۔ اسی لئے میٹنگ میں متفقہ طورپر فیصلہ لیاگیا کہ دسمبر کے آخر تک اسکول اور کالج نہیں کھولیں گے۔