بنٹوال میں گھر کی تعمیر کے لئے زمین ہموار کرتے وقت پہاڑی مٹی کھسک گئی۔ ملبے میں دب کر 3مزدور ہلاک۔1شدیدزخمی
بنٹوال8/دسمبر (ایس او نیوز) بنٹوال تعلقہ کے وٹل کے پاس اوڈیور نامی مقام پر گھر کی تعمیر کے لئے پہاڑی کو کاٹ کر زمین ہموار کرنے کے دوران اچانک پہاڑی تودا کھسک جانے سے 3مزدور ملبے میں دب کر ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک مزدور کو شدید زخمی حالت میں علاج کے لئے اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔
بتایاجاتا ہے کہ ایک طرف کچھ مزدور پہاڑی کوکھود کر مٹی نکال رہے تھے تو دوسری طرف اونچائی سے پہاڑی مٹی کھودنے کے لئے مشین کا استعمال کیا جارہا تھا۔ اس دوران اچانک مٹی کا ایک بہت بڑا تودا کھسک گیااور پہاڑی کے دامن میں کام میں مصروف مزدوروں پر بڑی بھاری مقدار میں ملبہ آگرا۔
ملبے میں دب کر ہلاک ہونے والوں کی شناخت بالپّا نائکا (56سال)،پرکاش (38سال)اور رمیش (50سال) کے طورپر کی گئی ہے۔ جبکہ زخمی ہونے والے شخص کانام پربھاکر بتایا گیا ہے، جسے دیرلکٹے میں واقع کے ایس ہیگڈے اسپتال میں بھرتی کیا گیا ہے۔حادثہ واقع ہوتے ہی وہاں پر موجود لوگوں نے راحت کاری کا کام شروع کیا، اس کے ساتھ ہی پولیس اور فائر انجن کو بھی موقع پر طلب کیا گیا۔
وٹل پولیس اسٹیشن کے افسران نے جائے حادثہ کا معائنہ کرنے کے بعد کیس درج کرلیا ہے۔