اتراکھنڈ: سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے امدادی سامان لے جا رہا، ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، پائلٹ سمیت 3 ہلاک
نئی دہلی،21/اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے امدادی سامان لے جا رہا ہیلی کاپٹر اترکاشی میں حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔ہیلی کاپٹر اترکاشی ضلع کے موری سے مولڈی جا رہا تھا۔ہیلی کاپٹر میں سوار تینوں افراد کی موت ہو گئی ہے۔بتا دیں کہ پائلٹ کیپٹن لال، معاون پائلٹ شیلیش اور ایک مقامی رہائشی راج پال ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔اتراکھنڈ کے اترکاشی ضلع کے اراکوٹ اور آس پاس کے علاقوں میں گزشتہ دنوں بادل پھٹنے سے 35 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔بتایا جا رہا ہے کہ بادل پھٹنے کے سبب ہوئے حادثے کے بعد امدادی مہم چلائی جا رہی ہے۔بدھ کو حادثے کا شکارہیلی کاپٹر کو بھی امدادی کام میں لگایا گیا تھا۔ گزشتہ دو دنوں میں ہوئی یہاں شدید بارش کے سبب پردیش کی چھوٹی بڑی تمام ندیاں شباب پر ہیں اور ہردوار میں گنگا خطرے کے نشان سے تجاوز کر گئی ہے۔اترکاشی کے ضلع انتظامی افسر دیویندر پٹوال نے بتایا تھاکہ ضلع کے ماکڈی گاؤں سے پیر کی شام کو دو اور لاش برآمد ہوئی جس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر اب 12 ہو گئی ہے۔انہوں نے بتایا تھا کہ ایک کے علاوہ باقی تمام لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔بادل پھٹنے سے بڑی تباہی ہوئی تھی۔