سی بی آئی اورای ڈی جیسی ایجنسیوں کا آزادانہ طورپرکام نہ کرنا جمہوریت کیلئےخطرہ

Source: S.O. News Service | Published on 24th January 2021, 11:34 AM | ملکی خبریں |

ممبئی،24؍جنوری(ایس او نیوز؍ایجنسی) بامبے ہائی کورٹ نے  بی جےپی کے سابق لیڈر  ایکناتھ کھڑسے کی پٹیشن پر شنوائی کرتے ہوئے سخت تبصرہ میں کہا ہے کہ سی بی آئی  اور ای ڈی جیسی ایجنسیاں آزاد تصور کی جاتی ہیں  اورانہیں آزادی کے ساتھ  غیر جانبدارانہ طور پرہی کام کرنا چاہئے۔جسٹس  ایس ایس شندے اور جسٹس منیش پٹالے پر مشتمل  دورکنی بنچ ایکناتھ کھڑسے کی اس پٹیشن پر شنوائی کررہی تھی جس میں انہوں نے ان کے خلاف اکتوبر میں داخل کی گئی ای ڈی کی شکایت کو خارج کرنے کی اپیل کی ہے۔ شنوائی کے دوران ایکناتھ کھڑسے کے وکیل اباد پونڈا عبوری راحت کے طور پر کورٹ سے استدعا کررہے تھے کہ وہ ای ڈی کو فی الحال ا ن کے موکل کے خلاف کسی سخت کارروائی سے باز رہنے کا حکم سنائے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے کھڑسے کے خلاف جاری کئے گئے سمن  پر ان کی پیشی اور پوچھ تاچھ کی آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ کا حکم دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

 اس کے جواب میں ای ڈی کے وکیل کا کہناتھا کہ کھڑسے کو پیر ۲۵؍ جنوری تک گرفتار نہیں کیا جائےگا۔ انہوں نے بہرحال کھڑسے کی پوچھ تاچھ کی ریکارڈنگ کی مخالفت کی۔اس پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے جسٹس شندے نے کہا کہ ’’اگر عرضی گزار کو مزید کچھ دنوں کیلئے تحفظ دےدیا جائےتو کون سا پہاڑ ٹوٹ پڑےگا؟ عدلیہ اور آر بی آئی، سی بی آئی نیز  ای ڈی جیسی ایجنسیوں کو آزادانہ اور غیر جانبدارانہ طریقے سے کام کرنا چاہئے۔‘‘ کورٹ نے متنبہ کیا کہ ’’اگرایجنسیاں غیر جانبدارانہ طریقے سے کام نہیں کریںگی تو جمہوریت کو ہی خطرہ لاحق ہوجائےگا۔‘‘جسٹس شندے نے سوال کیا کہ اس بات پر اتنا زور کیوں دیا جارہاہے کہ عرضی گزارکو عبوری راحت نہیں دی جانی چاہئے؟کورٹ نے اس بات پر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ جب کوئی شخص جانچ میں  تعاون کیلئے  تیار  اور سمن کی تعمیل کیلئے رضامند ہے توپھر گرفتاری کی ضرورت کیوں ہے؟

ایک نظر اس پر بھی

ہماچل: نابالغ کے ٹرانسپورٹ ضابطہ توڑنے پر گاڑی مالک کو ہوگی 3 سال کی جیل

 ہماچل پردیش میں اب نابالغ کی جانب سے ٹرانسپورٹ ضابطے کی خلاف ورزی پر گارجین یا گاڑی مالک کو مجرم مانا جائے گا اور انھیں 25 ہزار روپیے کے جرمانے کے ساتھ تین سال کی سزا ہو سکتی ہے۔ نابالغ پر زیبونائل جسٹس ایکٹ کے تحت مقدمہ ہوگا اور متعلقہ گاڑی کا رجسٹریشن بھی مسترد ہوگا۔

مودی حکومت کی کھرب پتیوں کے لیے بیٹنگ، عوام کمر توڑ مہنگائی سے دو چار، پرینکا گاندھی کا کرکٹ کی زبان میں حملہ

 گجرات میں واقع موٹیرا کرکٹ گراؤنڈ کا نام نریندر مودی اسٹیڈیم رکھے جانے کے ایک دن بعد گھریلو گیس سلنڈر کے داموں میں اضافہ ہونے پر کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مودی حکومت پر کرکٹ کی زبان میں حملہ بولا ہے۔

بی جے پی سرکار ٹیکس پر ٹیکس لگا کر لوگوں کو خوف زدہ کر رہی ہے: غلام احمد میر

جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر کا الزام ہے کہ بی جے پی سرکار ٹیکس پر ٹیکس لگا کر لوگوں کو خوف زدہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے بجائے غریبوں کے جیب کاٹ کر امبانی اور اڈانی کے جیب گرم کر رہی ہے۔