نئی دہلی،15/اپریل (ایس او نیوز/ ایجنسی) ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر حکومت نے لاک ڈاؤن کی مدت 3/ مئی تک بڑھانے کا حکم دیا ہے۔وزیر اعظم کے اس اعلان کے بعد ملک بھر میں پھنسے ہوئے مزدوروں کے صبر کا باندھ ٹوٹ چکا ہے۔ اس دوران ملک کے مختلف شہروں میں پھنسے تارکین وطن مزدور فرار ہو نے کی کوشش کررہے ہیں اور بعض جگہوں پر توتصادم کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔
ممبئی کے باندرا اسٹیشن پر ہزاروں تارکین وطن مزدور گھر جانے کے لئے جمع ہوگئے۔ یہاں انہوں نے اپنے اپنے گھر جانے کا مطالبہ کرنا شروع کردیا اور کورونا کے خوف کو نظر انداز کرتے ہوئے احتجاج پر آمادہ ہوگئے۔ بعد میں پولس کو انہیں قابو میں کرنے کے لیے لاٹھی چارج کرنا پڑا۔
اسی دوران مقامیرہنماؤں سے اپیل بھی کی گئی کہ لوگوں کو بھیڑ ختم کرنے کے لیے کہا جائے۔ کووڈ۔19کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے لا ک ڈاؤن لاگو ہونے کے بعد سے بڑے پیمانے پر یومیہ مزدور بے روزگار ہوگئے ہیں۔ جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اگر چہ حکام اور غیر سرکاری تنظیموں نے ان کے کھانے کا انتظام کیا ہے، لیکن ان میں سے بیشتر پابندیوں کی وجہ سے پریشان ہیں وہ اپنے گھروں کو واپس جانا چاہتے ہیں۔