یوپی اسمبلی میں گونجا الٰہ آباد یونیورسٹی میں فیس چار گنا بڑھائے جانے کا معاملہ، سماجوادی پارٹی کا واک آؤٹ

Source: S.O. News Service | Published on 23rd September 2022, 8:44 PM | ملکی خبریں |

لکھنؤ،23؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) اتر پردیش اسمبلی میں سماجوادی پارٹی کے اراکین کو الٰہ آباد یونیورسٹی میں زبردست فیس اضافہ کو لے کر طلبا کی تحریک کا ایشو اٹھانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اس سے ناراض سماجوادی پارٹی نے ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا اور ایوان سے واکٹ آؤٹ کیا۔

جیسے ہی اسمبلی کی کارروائی شروع ہوئی، اکھلیش یادو کھڑے ہو گئے اور اس ایشو پر بولنے کی کوشش کی، لیکن اسپیکر ستیش مہانا نے انھیں بولنے کی اجازت نہیں دی۔ اس بات سے ناراض سماجوادی پارٹی کے اراکین اسمبلی نے نعرہ بازی کی اور ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد اکھلیش یادو کی قیادت میں سماجوادی پارٹی کے سبھی اراکین اپنے اپنے پارٹی دفتر میں واپس چلے گئے۔

واضح رہے کہ الٰہ آباد یونیورسٹی کے طلبا دو ہفتے سے زیادہ وقت سے فیس میں ہوئے اضافہ کی مخالفت کر رہے ہیں اور طلبا یونین کو پھر سے سرگرم کرنے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔ کئی ہاسٹل اور کیمپس کے اندر مارچ نکالنے کے بعد احتجاجی مظاہرہ تیز ہو گیا ہے۔ دراصل الٰہ آباد یونیورسٹی میں شروع ہونے والے نئے سیشن کے طلبا کو بڑھی ہوئی فیس کے حساب سے پیسے جمع کرنے ہوں گے۔ سبھی کورس میں تقریباً ایک ہزار روپے سالانہ فیس لگا کرتی تھی، جو اب چار گنا ہو گئی ہے۔ بڑھائی گئی فیس اب نئے سیشن سے قابل نفاذ ہوگی۔ اس کی مخالفت یونیورسٹی میں طلبا کے ذریعہ پرزور طریقے سے کیا جا رہا ہے۔

اس پورے معاملے میں الٰہ آباد یونیورسٹی کی وضاحت بھی سامنے آئی ہے۔ یونیورسٹی نے بتایا کہ 110 سال بعد فیس بڑھائی گئی ہے۔ 1922 میں یونیورسٹی کے قیام کے بعد سے ایگزیکٹیو کونسل نے تقریباً دو ہفتے پہلے مختلف نصابوں کے لیے فیس میں اضافہ کو منظوری دی تھی۔ یونیورسٹی نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق لائی جا رہی تبدیلیوں کو دیکھتے ہوئے فیس میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے، جس کے تحت زیادہ اساتذہ کو کام پر رکھا جانا ہے اور نئے نصاب شروع کیے جانے ہیں۔ یونیورسٹی نے یہ بھی واضح کیا کہ موجودہ طلبا میں سے کوئی بھی متاثر نہیں ہوگا، کیونکہ فیس اضافہ صرف 23-2022 تعلیمی سال سے نئے داخلہ لینے والوں کے لیے نافذ ہوگی۔ حالانکہ طلبا کا سوال یہ ہے کہ ایک ہی بار فیس میں چار گنا اضافہ کتنا جائز ہے؟

ایک نظر اس پر بھی

منیش سسودیا کی عدالتی تحویل میں 26 اپریل تک کی توسیع

دہلی کی ایک عدالت نے جمعرات کو شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ معاملہ میں عآپ کے لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی عدالت تحویل میں 26 اپریل تک توسیع کر دی۔ سسودیا کو عدالتی تحویل ختم ہونے پر راؤز ایوینیو کورٹ میں جج کاویری باویجا کے روبرو پیش کیا ...

وزیراعظم کا مقصد ریزرویشن ختم کرنا ہے: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے یہاں پارٹی کے امیدوار عمران مسعود کے حق میں بدھ کو انتخابی روڈ شوکرتے ہوئے بی جے پی کو جم کر نشانہ بنایا۔ بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے بدھ کو کہا کہ آئین تبدیل کرنے کی بات کرنے والے حقیقت میں ریزرویشن ختم کرنا چاہتے ...

مودی ہمیشہ ای وی ایم کے ذریعہ کامیاب ہوتے ہیں،تلنگانہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا سنسنی خیز تبصرہ

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ  ریونت ریڈی نے سنسنی خیز تبصرہ کرتے ہوئے کہا  ہے کہ ہر مرتبہ مودی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں( ای وی ایمس )کے ذریعہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہیں اور جب تک ای وی ایم کےذریعے انتخابات  کا سلسلہ بند نہیں کیا جائے گا،  بی جے پی نہیں ہار سکتی۔

لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلہ کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری

الیکشن کمیشن نے لوک سبھا انتخابات 2024 کے چوتھے مرحلہ کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ کمیشن کے مطابق انتخابات کے چوتھے مرحلہ میں 10 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 96 پارلیمانی سیٹوں پر انتخابات ہوں گے۔ اس مرحلہ کی تمام 96 سیٹوں پر 13 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔ نوٹیفکیشن جاری ...