نفرت کی آگ دوسروں کو ہی نہیں، اپنوں کو بھی جلا دیتی ہے.... از: ظفر آغا

Source: S.O. News Service | Published on 26th April 2021, 12:49 PM | اسپیشل رپورٹس |

دہلی کے گنگا رام اسپتال میں آکسیجن ختم ہونے سے 25کورونا مریضوں کی موت، الٰہ آباد میڈیکل کالج میں وہیں کے ایک ریٹائرڈ ڈاکٹر کی علاج کے دوران خود میڈیکل کالج میں موت، لکھنؤ، ممبئی، احمد آباد میں شمشان گھاٹ اور قبرستان میں 24گھنٹے مرنے والوں کی آخری رسوم جاری، پھر بھی لوگ اپنے مردوں کو لے کر اپنی باری آنے کا گھنٹوں انتظار کر رہے۔ اسپتالوں میں بیڈس کی بھاری قلت، ایک ایک بیڈ پر دو دو، تین تین مریض پڑے ہوئے۔ آکسیجن اور کورونا انجکشن ہزاروں میں بلیک۔ تقریباً سارے ملک میں کورونا وبا سے موت کا بازار گرم۔ کبھی ان کی تو کبھی ان کی موت کی اطلاع۔

ہم نے اور آپ نے قیامت نہ دیکھی نہ سنی، لیکن پچھلے دو ہفتوں سے ایسی خبریں سنتے سنتے یہ محسوس ہو رہا ہے کہ ہم اور آپ ان دنوں جن حالات سے گزر رہے ہیں وہ گویا قیامت کے آثار ہیں۔ ایک کہرام مچا ہے۔ کسی کو یہ بھروسہ نہیں کہ آیا وہ کل بچے گا یا نہیں۔ جو مر گیا سو مر گیا، اور جو بچ گیا اللہ کا کرم۔ ایسے دن جن کا کسی نے کبھی تصور نہیں کیا۔ ایسے حالات جو اپنے آبا و اجداد تو کیا، کہانی قصوں میں بھی نا سنے۔ یہ سب کیوں اور کس کی وجہ سے۔ اسی حکومت کی کوتاہی اور لاپرواہی کے سبب جس نے سنہ 2014 میں اقتدار میں آنے سے پہلے ہندوستان کو یہ خواب دکھائے تھے کہ اگر وہ اقتدار میں آ گئے تو بس ملک جنت نشان ہوگا۔ شہروں شہروں دودھ کی ندیاں بہیں گی۔ ہر کس و ناکس کو روزگار مہیا ہوگا۔ ہر کسی کے بینک اکاؤنٹ میں15 لاکھ کی رقم آسمان سے ٹپک پڑے گی۔ ملک میں نریندر مودی کی شکل میں ایک ایسا وزیر اعظم ہوگا جو خود24 گھنٹے جاگے گا اور سارا ملک چین کی نیند سوئے گا!

اس ملک نے نریندر مودی کے ہر وعدے پر آنکھ بند کر کے یقین کیا۔ جی بھر کر ووٹ دیا۔ بہتوں کو یہ خیال کہ بس مودی ہی نہیں بھگوانوں کا راج ہوگا۔ بہت اس گمان میں ہیں کہ ہم غریب میں سے ایک چائے والا اقتدار میں آ جائے تو بس غریبوں کا دکھ درد دور کرنے والا مل جائے گا۔ جو مسلم دشمن تھے ان کو یہ امید کہ اگر مودی جی راج میں آئے تو بس پھر کیا سارے ہندوستان کے مسلمان گجرات کے مسلمانوں کی طرح بدحال ہو جائیں گے۔ بس یوں سمجھیے ہر الگ الگ دلوں میں الگ الگ امنگیں جگا کر مودی جی سنہ 2014 میں اقتدار میں آ ہی گئے۔ اور ہندوستانیوں نے آنکھ بند کر ان پر یقین بھی کر لیا۔ یقین بھی ایسا کہ ہندوستان جنت مقام تو کیا ہوتا، جیسا تھا ویسا بھی نہیں رہا۔ پہلے نوٹ بندی کی ایسی مار پڑی کہ خود اپنے پیسوں سے محتاج ہو گئے۔ راتوں رات بھر بینکوں کے باہر قطار میں کھڑے خود اپنے اکاؤنٹ سے دو، دو ہزار روپے نکالنے کو حیران و پریشان۔ لیکن پھر بھی مودی جی کی بات پر ایسا بھروسہ کہ اسی نوٹ بندی والے سال میں بی جے پی کو یو پی جیسے صوبہ کا اقتدار صرف مودی جی کی بات پر بی جے پی کو سونپ دیا۔ ابھی نوٹ بندی کی مار ختم نہیں ہوئی تھی کہ جی ایس ٹی ٹیکس کا حملہ ہو گیا۔ دھندا پانی چوپٹ۔ مگر صاحب ابھی بھی مودی سحر میں کوئی کمی نہیں۔ پھر مودی جی کے نام پر مختلف ریاستوں میں بی جے پی کی سرکار بنتی رہی۔ آخر 2019 میں لوک سبھا چناؤ پھر آیا تو مودی جی نے بالاکوٹ میں پاکستان پر جو چڑھائی کی اس کے عوض میں بی جے پی کو300سے زیادہ سیٹیں دے دیں۔

بس صاحب ملک میں کورونا وبا کی شکل میں عذاب الٰہی کیا آیا کہ قیامت مچ گئی۔ پچھلے سال مارچ کے مہینے میں کورونا کا قہر ٹوٹا اور مودی جی نے اٹھا کر لاک ڈاؤن لگا دیا۔ 3 ماہ سب کاروبار بند، سڑکیں بازار پر ہو کا عالم۔ بس بھوک سے بے بس ہو کر بڑے بڑے شہروں سے پیدل چلنے والے ہزاروں مزدور کاریگر سے تو کچھ رونق ضرور ہوئی، مگر پھر وہی ہو کا عالم۔ جناب یہ 3 مہینوں کا لاک ڈاؤن کیا ہوا کہ قیامت ٹوٹ پڑی۔ روزگار ختم، دھندے کاروبار چوپٹ، لاکھوں نے کروڑوں بے روزگار ہو گئے۔ مگر مودی جی پر ابھی بھی ایسا یقین کہ ان کی بات پر تالی و تھالی بجا کر کورونا رفو چکر کر رہے تھے۔ گرمیاں آتے آتے کورونا کی شدت میں کمی آئی، لیکن بس سال بھر بعد مارچ میں پھر سے کورونا نے ایسا سر اٹھایا کہ اب ہر کوئی جان کی امان مانگ رہا ہے اور قہر الٰہی کے تھمنے کا نام نہیں لیتا ہے۔

اس پورے ایک سال میں پھر وہی وعدے، وہی بھاشن، ہم نئے اسپتال قائم کر دیں گے، ایسی ویکسین ایجاد ہو جائے گی کہ کورونا رفوچکر۔ گویا گھر گھر ڈاکٹر نرس علاج کریں گے۔ جب کورونا کی دوسری لہر چلی تو پتہ چلا سب جھوٹے وعدے۔ وہاں کوئی انتظام تھا ہی نہی۔ تب ہی تو اسپتالوں میں بیڈ نہیں، آکسیجن کا کہیں پتہ نہیں۔ دوا بازار سے غائب۔ لوگ مچھر مکھی کی ماند مر رہے ہیں۔ مردوں کا انبار ہے جو شمشان گھاٹ اور قبرستان کے باہر اپنے عزیز و اقارب کے ساتھ اپنی آخری رسوم کا انتظار کر رہا ہے۔

لیکن اس کا ذمہ دار کون! آپ کہیں گے نریندر مودی اور بی جے پی! میں کہوں گا غلط۔ اس کے ذمہ دار ہم اور آپ ہیں جنھوں نے جھوٹے وعدوں پر یقین کیا۔ ایسے وعدے جو کبھی پورے ہی نہیں ہو سکتے تھے، بھلا کوئی بھی حکومت کروڑہا افراد کو راتوں رات روزگار سے لگا سکتی ہے یا کروڑہا افراد کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے جمع کروا سکتی ہے۔ لیکن نہیں، عام ہندوستانی کو مودی جی کے ہر جھوٹ و سچ پر یقین تھا۔ آخر اس کا کیا راز ہے۔ اس کا راز یہ تھا کہ ایک بہت بڑی ہندو آبادی کو یہ محسوس ہونے لگا کہ مودی جی گجرات کی طرح مسلمانوں سے سکھ چین چھین کر سب ان کی جھولی میں ڈال دیں گے۔ بس اس نفرت کی آگ نے آنکھوں پر ایسے پردے ڈالے کہ نوٹ بندی، لاک ڈاؤن سب بھول کر مودی مودی ہوتا رہا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ پورا ہندوستان تباہ و برباد اور اب ہر کسی کے دروازے پر موت دستک دے رہی ہے۔ یاد رکھیے نفرت کی سیاست دشمن کو ہی نہیں، خود اس سیاست کرنے والوں کو بھی تباہ کر دیتی ہے۔ آخر جرمنی نے یہودیوں کو موت کے گھاٹ اتارا۔ آخر پورا جرمنی تباہ ہو گیا۔ اب بھی آنکھیں نہیں کھلیں تو جرمنی کی طرح ہندوستان بھی تباہ ہو جائے گا۔

ایک نظر اس پر بھی

یہ الیکشن ہے یا مذاق ؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔آز: ڈاکٹر مظفر حسین غزالی

ایک طرف بی جے پی، این ڈی اے۔۔ جی نہیں وزیر اعظم نریندرمودی "اب کی بار چار سو پار"  کا نعرہ لگا رہے ہیں ۔ وہیں دوسری طرف حزب اختلاف کے مضبوط امیدواروں کا پرچہ نامزدگی رد کرنے کی  خبریں آرہی ہیں ۔ کھجوراؤ میں انڈیا اتحاد کے امیدوار کا پرچہ نامزدگی خارج کیا گیا ۔ اس نے برسراقتدار ...

بھٹکل سنڈے مارکیٹ: بیوپاریوں کا سڑک پر قبضہ - ٹریفک کے لئے بڑا مسئلہ 

شہر بڑا ہو یا چھوٹا قصبہ ہفتہ واری مارکیٹ عوام کی ایک اہم ضرورت ہوتی ہے، جہاں آس پاس کے گاوں، قریوں سے آنے والے کسانوں کو مناسب داموں پر روزمرہ ضرورت کی چیزیں اور خاص کرکے ترکاری ، پھل فروٹ جیسی زرعی پیدوار فروخت کرنے اور عوام کو سستے داموں پر اسے خریدنے کا ایک اچھا موقع ملتا ہے ...

نئی زندگی چاہتا ہے بھٹکل کا صدیوں پرانا 'جمبور مٹھ تالاب'

بھٹکل کے اسار کیری، سونارکیری، بندر روڈ، ڈارنٹا سمیت کئی دیگر علاقوں کے لئے قدیم زمانے سے پینے اور استعمال کے صاف ستھرے پانی کا ایک اہم ذریعہ رہنے والے 'جمبور مٹھ تالاب' میں کچرے اور مٹی کے ڈھیر کی وجہ سے پانی کی مقدار بالکل کم ہوتی جا رہی ہے اور افسران کی بے توجہی کی وجہ سے پانی ...

بڑھتی نفرت کم ہوتی جمہوریت  ........ ڈاکٹر مظفر حسین غزالی

ملک میں عام انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہونے والا ہے ۔ انتخابی کمیشن الیکشن کی تاریخوں کے اعلان سے قبل تیاریوں میں مصروف ہے ۔ ملک میں کتنے ووٹرز ہیں، پچھلی بار سے اس بار کتنے نئے ووٹرز شامل ہوئے، نوجوان ووٹرز کی تعداد کتنی ہے، ایسے تمام اعداد و شمار آرہے ہیں ۔ سیاسی جماعتیں ...

مالی فراڈ کا نیا گھوٹالہ : "پِگ بُوچرنگ" - گزشتہ ایک سال میں 66 فیصد ہندوستانی ہوئے فریب کاری کا شکار۔۔۔۔۔۔۔(ایک تحقیقاتی رپورٹ)

ایکسپوژر مینجمنٹ کمپنی 'ٹینیبل' نے ایک نئی رپورٹ جاری کی ہے جس میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ پچھلے سال تقریباً دو تہائی (66 فیصد) ہندوستانی افراد آن لائن ڈیٹنگ یا رومانس اسکینڈل کا شکار ہوئے ہیں، جن میں سے 81 فیصد کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مسلمان ہونا اب اس ملک میں گناہ ہے۔۔۔۔۔۔۔۔از: ظفر آغا

انہدام اب ایک ’فیشن‘ بنتا جا رہا ہے۔ یہ ہم نہیں کہہ رہے بلکہ یہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کا بیان ہے۔ بے شک مکان ہو یا دوکان ہو، ان کو بلڈوزر کے ذریعہ ڈھا دینا اب بی جے پی حکومت کے لیے ایک فیشن بن چکا ہے۔ لیکن عموماً اس فیشن کا نشانہ مسلم اقلیتی طبقہ ہی بنتا ہے۔ اس کی تازہ ترین مثال ...