کوڈاگو: بی جے پی لیڈر کی موت حادثہ نہیں قتل تھا۔ سازش رچنے والے آر ایس ایس کارکن سمیت تین گرفتار

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 30th March 2019, 8:52 PM | ریاستی خبریں |

مڈیکیرے 30؍مارچ (ایس او نیوز) کچھ دنوں قبل کوڈاگو کے بی جے پی لیڈر بالاچندرا کالاگی کی ایک حادثے میں جو موت واقع ہوئی تھی اس میں نیا موڑ آگیا ہے اور یہ ایک عام حادثے کے بجائے قتل کی سازش کے تحت انجام دیا گیا جرم ثابت ہوا ہے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق پولیس نے سابق سمپاجے گرام پنچایت کے صدر اور بی جے پی چیف سیکریٹری کوڈاگو ڈسٹرکٹ بالاچندرا کالاگی کے قتل کی سازش رچنے اور حادثے کے ذریعے موت کے گھاٹ اتارنے کے الزام میں جن تین افراد کو گرفتار کیا ہے ان کی شناخت سمپت کمار(۳۴)، ہری پرساد(۳۶) اور جیان عرف جگو (۳۴) کے طور پر کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ 19مارچ کو جب بالاچندراکالاگی پارٹی کی ہنگامی میٹنگ کے بعد اومنی کار پر سوار  اپنے گھر کی طرف لوٹ رہاتھا تو ایک لاری کی ٹکر سے اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔

بتایاجاتا ہے کہ کالاگی کوڈاگو میں چل رہے ریت مافیا اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف آواز اٹھارہا تھااور ایسے جرائم کو روکنے کی مہم چلارہاتھا۔ بی جے پی نے کالاگی کی موت کے بعد یہی کہاتھا کہ اس کے پیچھے ریت مافیا اور جرائم پیشہ افرادکا ہاتھ ہے۔لیکن پولیس کی گہری تفتیش کے بعد جو سچائی سامنے آئی ہے اس میں خود آر ایس ایس کے کارکن شامل دکھائی دے رہے ہیں۔کیونکہ ملزم سمپت کمار سولیا تعلقہ کے سمپاجے میں آر ایس ایس کا ایک بہت ہی متحرک اور فعال کارکن بتایا جاتاہے۔

اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ایس پی ڈاکٹر سومن ڈی پی نے بتایا کہ کیس کی تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ شراب کی دکان اور کلب سے متعلق جھگڑا اس قتل کا اصل سبب ہے۔سمپت کمار اور ہری پرساد نے تقریباً ایک مہینے سے بالاچندرا کو قتل کرنے کی سازش پر کام شروع کیا تھا۔سمپت کمار نے اپنے دوست جیان کو سپاری دی تھی کہ اگر وہ لاری سے ٹکر مارکر بالاچندرا کو ختم کردے گا تو سمپت کمار جیان کے ٹرک کا جو1.5لاکھ روپے کا قرضہ ہے وہ ادا کردے گا۔اور اس منصوبے پر عمل کرتے ہوئے جیان نے تیز رفتاری کے ساتھ اپنی لاری بالاچندرا کی کار سے ٹکرائی تھی۔

تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ دو سال قبل سمپت کمار اور ہری پرساد سمپاجے میں ایک ری کریئشن کلب(جہاں تفریح کے نام پر جوے  بازی ہوتی ہے) کھولنا چاہتے تھے مگر سمپاجے گرام پنچایت صدر کی حیثیت سے بالاچندرا کالاگی نے اس میں رکاوٹ پیدا کردی تھی۔پھر جب 2018میں ان دونوں نے سمپاجے میں شراب کی بار کھولنے کی کوشش کی تو بالاچندرا نے عوامی احتجاج کے ذریعے بار کا لائسنس منسوخ کروایا تھا۔اس کے علاوہ سمپت کمار کی جے سی بی مشین چوری ہوگئی تھی جس کی شکایت سمپاجے پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی تھی، مگر سمپت کمار کو شک تھا کہ اس کی جے سی بی مشین تلاش کرنے میں بالاچندرا نے رکاوٹ پیدا کی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان وجوہات کے علاوہ بالاچندراکالاگی کی بڑھتی ہوئی سیاسی مقبولیت پر روک لگانے کے لئے ملزمین نے اس کو ٹھکانے لگانے  کا پلان بنایا اور پوری کامیابی کے ساتھ اس پر عمل بھی کیا ۔قتل کی اس سازش پر عمل پیرائی کے لئے استعمال کی گئی لاری اور ایک کار بھی پولیس نے ضبط کرلی ہے۔ اس سازش کا پردہ فاش کرنے والی پولیس ٹیم کو ضلع ایس پی نے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت مودی حکومت کے بدعنوانی ختم کرنے کے دعووں کی قلعی کھول رہی: کانگریس

کانگریس نے 35 ہزار کروڑ روپے کے غیر قانونی خام لوہا کانکنی گھوٹالہ کے ملزم جناردن ریڈی کے بی جے پی میں شامل ہونے پر آج زوردار حملہ کیا۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی ...

منگلورو میں 'جاگو کرناٹکا' کا اجلاس - پرکاش راج نے کہا : اقلیتوں کا تحفظ اکثریت کی ذمہ داری ہے 

'جاگو کرناٹکا' نامی تنظیم کے بینر تلے مختلف عوام دوست اداروں کا ایک اجلاس شہر کے بالمٹا میں منعقد ہوا جس میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے مشہور فلم ایکٹر پرکاش راج نے کہا کہ ایک جمہوری ملک میں اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا اکثریت کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔

تنازعات میں گھرے رہنے والے اننت کمار ہیگڈے کو مودی نے کیا درکنار

پارلیمانی الیکشن کے دن قریب آتے ہی اننت کمار ہیگڑے نے گمنامی سے نکل کر اپنے حامیوں کے بیچ پہنچتے ہوئے اپنے حق میں ہوا بنانے کے لئے جو دوڑ دھوپ شروع کی تھی اور روز نئے متنازعہ بیانات  کے ساتھ سرخیوں میں بنے رہنے کی جو کوششیں کی تھیں اس پر پانی پھِر گیا اور ہندوتوا کا یہ بے لگام ...

لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے اننت کمار ہیگڈے کو دکھایا باہرکا راستہ؛ اُترکنڑا کی ٹکٹ کاگیری کو دینے کا اعلان

اپنے کچھ موجودہ ممبران پارلیمنٹ کو نئے چہروں کے ساتھ تبدیل کرنے کے اپنے تجربے کو جاری رکھتے ہوئے، بی جے پی نے سابق مرکزی وزیر اور اُتر کنڑ اکے ایم پی، اننت کمار ہیگڑے کو باہر کا راستہ دکھاتے ہوئے  آنے والے لوک سبھا انتخابات میں  ان کی جگہ اُترکنڑا حلقہ سے  سابق اسمبلی اسپیکر ...

ٹمکورو میں جلی ہوئی لاشوں کا معاملہ - خزانے کے چکر میں گنوائی تھی  تین لوگوں نے جان

ٹمکورو میں جلی ہوئی کار کے اندر بیلتنگڈی سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی جو لاشیں ملی تھیں، اس معاملے میں پولیس کی تحقیقات سے اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ خزانے میں ملا ہوا سونا سستے داموں پر خریدنے کے چکر میں ان تینوں نے پچاس لاکھ روپوں کے ساتھ اپنی بھی جانیں گنوائی تھیں ۔