غلاف کعبہ 9 ذی الحج کو تبدیل کیا جائے گا

Source: S.O. News Service | Published on 25th July 2020, 8:55 PM | خلیجی خبریں |

ریاض،25/جولائی (آئی این ایس انڈیا)خانہ کعبہ کا غلاف کسوہ یوم عرفہ یعنی 9 ذی الحج کو تبدیل کیا جائے گا۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے مکہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے یہ غلاف کعبہ کے منتظم صالح بن زین العابدین الشعبی کے حوالے کردیا ہے۔

سیاہ رنگ اور قرآنی آیات سے  مزین غلاف کو ہر سال اسی تاریخ کو تبدیل کیا جاتا ہے، کیونکہ حجاج کرام اس دن حج کے اہم ترین رکن وقوف عرفہ کے لیے عرفات کے میدان میں گزارتے ہیں اور کعبے میں ہجوم نہیں ہوتا۔

تاریخ کی کتابوں میں درج ہے کہ قبل از اسلام دور میں یمن کے بادشاہ طوبیٰ الحمیری نے کعبے کو پہلی بار غلاف سے ڈھکا۔ اس نے اس مقصد سے یمن کا بہترین کپڑا استعمال کیا۔ اس کے بعد آ نے والوں نے کبھی چمڑے کا غلاف بنوایا اور کبھی مصر کا قبطی کپڑا منگوایا۔ اس زمانے میں کسوہ کی ایک سے زیادہ تہیں ہوتی تھیں۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے 9 ہجری میں فتح مکہ کے بعد حج کے موقع پر کعبے کو سرخ اور سفید یمنی کپڑے سے ڈھک دیا تھا۔ خلفائے راشدین کے زمانے میں اس پر سفید غلاف ڈالا جاتا رہا۔ عبداللہ ابن زبیر نے اس کے لیے سرخ غلاف کا انتظام کیا۔

عباسی عہد میں ایک سال سفید اور ایک سال سرخ غلاف بنایا جاتا تھا۔ سلجوقی سلاطین نے اسے زرد غلاف دیا۔ عباسی حکمران الناصر نے پہلے سبز اور بعد میں سیاہ غلاف بنوایا اور اس کے بعد سے سیاہ غلاف کی روایت برقرار ہے۔

سعودی دور سے پہلے صدیوں تک کسوہ کے لیے کپڑا مصر سے آتا رہا۔ شاہ عبدالعزیز کے دور میں کسوہ کے لیے الگ محکمہ قائم کیا اور پہلی بار اس کے لیے کپڑا مکہ میں بننا شروع ہوا۔ بعد میں اس کا کارخانہ ام الجود منتقل کردیا گیا۔ اس کارخانے میں پانی کو پاک کیا جاتا ہے جس سے کسوہ میں استعمال کیے جانے والے ریشم کو دھویا جاتا ہے۔

ریشم کو بعد میں سیاہ اور سبز رنگوں میں رنگا جاتا ہے اور خصوصی کیمیکلز استعمال کیے جاتے ہیں۔ سوتی کپڑے کو بھی اسی طرح دھویا اور رنگا جاتا ہے۔

کسوہ پر مشینوں کے ذریعے قرآنی آیات اور دعائیں نقش کی جاتی ہیں۔ اس میں ریشم کے علاوہ سونے کے تار استعمال کیے جاتے ہیں۔ یہ مشینیں فی میٹر 9986 دھاگے استعمال کرتی ہیں، تاکہ کسوہ کو ریکارڈ مدت میں تیار کیا جاسکے۔

کسوہ کی لاگت کا تعلق تاریخی طور پر مکے کے حکمرانوں کی مالی حیثیت سے رہا ہے۔ لیکن ہر حکمران نے اچھے سے اچھا غلاف بنوانے کی کوشش کی ہے۔ اس کے لیے یمنی اور مصر کا قبطی کپڑا استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

کعبے کو قالین جیسے کپڑے سے بھی ڈھکا جاتا رہا ہے۔ موجودہ کسوہ کی تیاری پر ایک کروڑ 70 لاکھ سعودی ریال لاگت آئی تھی۔ اس میں 670 کلوگرام قدرتی ریشم اور 15کلوگرام سونے کے تار استعمال کیے گئے تھے۔

حج کے موقع پر روایتی غلاف کعبہ کو 3 میٹر اوپر اٹھادیا جاتا ہے اور نیچے کی جگہ کو سفید سوتی کپڑے سے ڈھک دیا جاتا ہے۔ اس کا مقصد کسوہ کی صفائی برقرار رکھنا اور اسے پھٹنے سے بچانا ہے۔ ماضی میں ایسے واقعات پیش آتے رہے ہیں کہ عازمین حج تبرک کے طور پر اس کا ٹکڑا کاٹ لیتے تھے، لیکن اب اس کی ممانعت ہے۔

پرانے غلاف کو اتار کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم کرلیاجاتا ہے، بعد ازاں اسے سعودی عرب کا دورہ کرنے والے مسلمان رہنماؤں اور خاص اداروں کو بطور تحفہ پیش کیا جاتا ہے۔  

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل کا کھلاڑی ابوظبی انڈر۔16 کرکٹ ٹیم میں منتخب؛

بھٹکل کے معروف اور مایہ ناز بلے بازاور کوسموس اسپورٹس سینٹر کے سابق کپتان ارشد گنگاولی کے فرزند ارمان گنگاولی کو ابوظبی انڈر۔ 16 کرکٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو جلد منعقد ہونے والے انڈر 16  ایمریٹس کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

قطر میں بھٹکل مسلم جماعت کی خوبصورت عید ملن تقریب

بھٹکل مسلم جماعت کی طرف سے حسب سابق۲ شوال  مطابق ١١ اپریل  بروز جمعرات قطر کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر بھٹکلی احباب کے لئے عید ملن کے نام سے ایک گیٹ ٹوگیدر تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں بچوں نے اپنی گوناگو صلاحیتوں کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے شریک حاضرین سے داد و تحسین حاصل ...

متحدہ عرب امارات میں شدید بارش؛ نظام زندگی مفلوج، عمان میں 18 افراد جاں بحق

  متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور اس کے گردونواح میں منگل کو طوفانی بارش ہوئی۔ صورتحال ایسی ہو گئی کہ متحدہ عرب امارات میں ہر طرف پانی ہی پانی نظر آیا۔ سیلاب کے باعث کئی شہر جام ہو گئے۔ وہیں، پڑوسی ملک عمان میں شدید بارشوں سے آنے والے سیلاب کے باعث 18 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

عمان میں سیلاب سے تباہی، 13 افراد جاں بحق، لاپتہ لوگوں کی تلاش جاری

مشرق وسطیٰ کے شہر عمان میں اس وقت سیلاب نے زبردست تباہی مچا رکھی ہے۔ اتوار سے ہی عمان میں سیلاب کا قہر دیکھنے کو مل رہا ہے اور پیر کے روز بھی موسلادھار بارش کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق اب تک اس سیلاب نے 13 لوگوں کی جان لے لی ہے اور کئی دیگر لاپتہ ہیں جن کی تلاش ...

سعودی عربیہ میں روڈ ایکسڈینٹ کے کیس میں پھنسا ہے بھٹکل کا ایک نوجوان؛ بھٹکل کمیونٹی جدہ اور بھٹکل مسلم خلیج کونسل سے مدد کی اپیل

  بھٹکل بیلنی کا ایک  28 سالہ نوجوان محمد خالد ابن محمد جعفر گذشتہ چار سال سے   سعودی عربیہ کے   تيماء  میں معمولی  روڈ ایکسیڈنٹ کے   ایک کیس میں بری طرح پھنس گیا ہے اور عدالت نے اُس پر 34500 ریال (قریب سات لاکھ ہندوستانی رقم ) کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ اُس کی ...