رام مندر پر یوگی نے کہا، غیرمتنازعہ زمین پرملے تعمیرکی اجازت
لکھنؤ:29/ جنوری (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)ایودھیا میں متنازعہ رام جنم بھومی بابری مسجد مقام کے پاس 67ایکڑ زمین کو اس کے اصل مالکان کو لوٹانے کی اجازت مانگنے کے لئے مرکز کی طرف سے سپریم کورٹ کا رخ کرنے کے فیصلے کااتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کو خیر مقدم کیا۔یوگی نے کہا کہ پریاگ راج میں ہمیں غیر متنازعہ زمین پر فوری طور پر کام کرنے کی اجازت ملنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہم مرکزی حکومت کی اس تجویز کا استقبال کرتے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ایک نئی درخواست میں مرکز نے کہا کہ اس نے 2.77ایکڑ متنازع رام جنم بھومی بابری مسجد مقام کے پاس 67ایکڑ زمین حاصل کی تھی۔درخواست میں یہ کہا گیا کہ رام جنم بھومی نے مطالبہ کیا تھا کہ 1991میں حاصل کردہ اضافی زمین اصل مالکان کو واپس دی جائے۔اس دوران اتر پردیش کے وزیر صحت اور ریاستی حکومت کے ترجمان سددھارتھناتھ سنگھ نے پریاگراج میں ہی صحافیوں کو بتایا کہ حکومت کا یہ ماننا ہے کہ رام مندر کی تعمیر جلد سے جلد ہو اس لئے حکومت ہر پہلو پر جو آئین کے تحت ہو سکتا ہے، وہ اس کی کوشش کر رہی ہے۔