پاکستان میں ٹیکسٹائل کی صنعت 'ایمرجنسی حالت‘ میں

Source: S.O. News Service | Published on 12th June 2022, 10:51 AM | عالمی خبریں |

اسلام آباد، 12؍ جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) پاکستان حالیہ عرصے سے شدید معاشی بحران کا شکار ہے، بڑھتی مہنگائی، روپے کی قدر میں کمی، اور زر مبادلہ کے کم ہوتے ذخائر توانائی کی درآمدات میں رکاوٹ ہیں۔

علاوہ ازیں، گرمی کی شدید لہر بھی بجلی کی طلب میں اضافے کا باعث بنی ہے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق رواں ماہ بجلی کا شارٹ فال سات ہزار میگا واٹ تک پہنچ چکا ہے جو ملک میں بجلی کی پیداواری صلاحیت کا پانچواں حصہ بنتا ہے۔

توانائی کی کمی نے پاکستان کی اہم ٹیکسٹائل کی صنعت کو بھی شدید متاثرکیا ہے جو ڈینم مصنوعات سے لے کر بستر کی چادروں تک کی کئی مصنوعات یورپ اور امریکہ کی منڈیوں تک پہنچاتی ہے اور ملکی برآمدات کا قریب 60 فیصد اس صنعت کی رہین منت ہے۔

صنعتی شہر سیالکوٹ کی چیمبر آف کامرس کے نائب صدر قاسم ملک نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا، ''ٹیکسٹائل کی صنعت ہنگامی حالت میں ہے۔‘‘ قاسم ملک کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث ٹیکسٹائل سپلائی چین میں خلل پڑتا ہے جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس بنانے اور برآمد کرنے والی ایسوسی ایشن سے تعلق رکھنے والے شیخ لقمان امین نے خبردار کرتے ہوئے کہا، ''اگر بجلی کی کٹوتی جاری رہی تو برآمدات میں بیس فیصد سے زیادہ کی کمی ہو سکتی ہے۔‘‘

لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ جیسے شہروں میں ہر بڑی فیکٹری کے اپنے پاور پلانٹس ہوتے ہیں لیکن چھوٹے اور درمیانے درجے کے کارخانے بجلی کی عدم دستیابی سے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

ایسے کارخانوں کے مالکان کا کہنا ہے کہ انہیں آٹھ سے بارہ گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور وہ پیداوار کم کرنے یا پیٹرول پر چلنے والے جنریٹرز استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ جنریٹرز استعمال کرنے کی صورت میں ان کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔

سیالکوٹ کی ایک گارمنٹس فیکٹری کے مالک عثمان راشد نے بتایا، ''ہم نئے آرڈرز قبول نہیں کر سکتے کیوں کہ ہم پہلے ہی گزشتہ آرڈرز پورے نہیں کر پا رہے۔ یہ سلسلہ یوں ہی جاری نہیں رہ سکتا۔‘‘

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ ملکی معاشی مسائل کے باوجود رواں مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات میں 28 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کی ایک بنیادی وجہ یہ بھی رہی کہ بھارت اور بنگلہ دیش کی نسبت پاکستان میں کورونا کے باعث عائد کردہ پابندیاں پہلے ختم کر دی گئی تھیں۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔