پاکستان کے کراچی چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام، 3 دہشت گرد ہلاک، 2 پولیس اہلکار شہید

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 23rd November 2018, 4:03 PM | عالمی خبریں |

کراچی 23/نومبر (ایس او نیوز/ایجنسی) چینی قونصل خانے پر حملہ کی کوشش اُس وقت ناکام ہوگئی جب حفاظتی دستوں نے دہشت گردوں پر جوابی فائرنگ کرتے ہوئے تین کو موقع پرہی ڈھیر کردیا۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس کاروائی میں دو پولس اہلکار بھی شہید ہوگئے جبکہ ایک سیکوریٹی گارڈ زخمی ہوگیا۔ واقعہ جمعہ کو کراچی کے  کلفٹن نامی مقام پر  واقع چینی قونصل خانے پر پیش آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق  قونصل خانے کا تمام چینی عملہ بالکل محفوظ ہے اور صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے۔

پاکستان کے معروف اُردو اخبار نوائے وقت کی رپورٹ کے مطابق  حملہ کی یہ وارداتصبح  9:30  بجے  پیش آئی۔ اخبار نے کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ کے حوالے سے لکھا ہے کہ  قریب 3 دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم گارڈز کے روکنے پر انہوں نے فائرنگ کردی۔ جس پر قونصلیٹ پر تعینات سیکیورٹی گارڈز نے بھی جوابی فائرنگ کی۔اس دوران دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔پولیس چیف کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کرلیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی  ہوگیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے بھی تصدیق کی کہ ملزمان کی جانب سے کیے گئے ابتدائی حملے میں قونصلیٹ پر تعینات 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ کو زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی نے بھی واقعے میں 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی گارڈ کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ کے مطابق حملہ آور گاڑی میں سوار ہوکر آئے تھے۔ جنہوں نے گاڑی کچھ دور کھڑی کی اور پھر قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم وہ قونصلیٹ کے کمپاؤنڈ میں داخل نہیں ہوسکے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی اور علاقے کا محاصرہ کرلیا۔ دوسری جانب تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرکے قونصلیٹ کی طرف جانے والی ٹریفک روک دی گئی۔

ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ کی سربراہی میں پولیس کی ایک ایڈوانسڈ پارٹی جبکہ رینجرز کی نفری بھی قونصلیٹ میں داخل ہوئی اور کلیئرنس کارروائی کے بعد صورتحال پر مکمل قابو پالیا گیا۔

کراچی پولیس چیف کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جارہا ہے جبکہ جائے وقوع کے قریب سے ایک مشکوک گاڑی بھی ملی ہے۔دوسری جانب ہیلی کاپٹرز کی مدد سے علاقے کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔

واضح رہے کہ چینی قونصل خانہ سی ویو سے کچھ دور کلفٹن بلاک 4 میں واقع ہے، جہاں غیر ملکی قونصلخانوں سمیت ہائی پروفائل دفاتر واقع ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چینی قونصل خانے پر حملے کا نوٹس لے کر ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

دوسری جانب مراد علی شاہ کا چینی قونصل جنرل سے ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا، جس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے قونصل جنرل کو ہر ممکن سیکیورٹی اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔