حیدرآبادیکم دسمبر(یواین آئی) سائبر آباد پولس نے ہفتہ کی شب تین پولس ملازمین بشمول ایک سب انسپکٹر کو لاپتہ وٹرنری ڈاکٹر کی ایف آئی آر درج کرنے میں تاخیر پر معطل کردیا۔
اس وٹرنری ڈاکٹر کی اجتماعی عصمت دری کے بعد حیدرآباد کے نواحی علاقہ شمس آباد کے قریب قتل کے بعد لاش کو جلادیاگیا تھا۔یہ واردات بدھ کی شام پیش آئی تھی۔ اپنے پریس بیان میں سائبرآباد پولس کمشنر سی وی سجنار نے کہا کہ فرائض میں کوتاہی پر کی گئی تفصیلی جانچ کے نتائج کی بنیاد پر تین پولس عہدیداروں کو تاحکم ثانی معطل کردیاگیا ہے۔
جانچ کے دوران اس بات کا پتہ چلا کہ عہدیداروں نے 27اور 28نومبر کی شب اس لاپتہ خاتون کی ایف آئی آر درج کرنے میں تاخیر کی تھی۔معطل پولس عہدیداروں میں ایم روی کمار سب انسپکٹر شمس آباد،پی وینوگوپال ریڈی اور اے ستیہ نارائنا گوڑ شامل ہیں۔یہ دونوں راجیوگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پولس اسٹیشن کے ہیڈ کانسٹیبلس ہیں۔
کمشنر نے کہاکہ سائبرآباد پولس کے تمام عہدیداروں کو ایک مرتبہ پھر ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے پولس اسٹیشن کے حدود کا لحاظ کئے بغیر قابل دست اندازی جرم سے متعلق جو بھی شکایت ہو اس کو درج کریں۔