ممبئی میں ’ماتو شری‘ کے سامنے چائے بیچنے والی خاتون کورونا پازیٹو
ممبئی، 8/اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی) ہندوستان میں کورونا کا اثراگر سب سے زیادہ کسی ریاست میں ہو اہے تو وہ مہاراشٹر ہے۔ یہاں اب تک 700سے زیادہ کورونا پازیٹو مریض ہیں۔ اموات کے معاملے میں بھی مہاراشٹرا ہندوستانی ریاستوں میں سرفہرست ہے۔ اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے ریاست میں مہلوکین کی تعداد 45کے پار پہنچ چکی ہے۔
کورونا وائرس سے مہاراشٹر کے اقتدار پر قابض ٹھاکرے فیملی بھی سہمی ہوئی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ باندرا میں واقع کلا نگر علاقے میں ’ماتو شری‘ کے پاس ایک چائے بیچنے والی خاتون کورونا پازیٹو پائی گئی ہے۔ ڈراس وقت بڑھ گیا جب پتہ چلا کہ اس دکان پر ادھو ٹھاکرے کے گھر پر کام کرنے والے اسٹاف بھی چائے پینے جاتے تھے۔
بتایا جارہا ہے کہ اب سبھی اسٹاف کا کورونا ٹیسٹ ہوگا۔ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور ان کی فیملی کے اراکین کیلئے کام کرنے والے 150سے زیادہ ملازمین کا کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ ان ملازمین کو احتیاطاً علاقے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ پر نئے بلایا گیا ہے۔ سبھی کے نمونے لے لیے گئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی ماتو شری کے تقریباً پورے علاقے کو سینیٹائز کردیا گیا ہے۔ چائے بیچنے والی خاتون کے رابطے میں آئے لوگوں کی بھی تلاش کی جارہی ہے۔