میں مسلمان ہوں اس لئے مجھے ڈرگس مافیا سے جوڑا جارہا ہے:ضمیر احمد خان
بنگلورو،13؍ستمبر(ایس او نیوز) سابق وزیر ورکن اسمبلی بی زیڈ ضمیر احمد خان جن کا نام ڈرگس مافیا کے ساتھ جوڑا جارہا ہے آج انہوں نے کہا کہ وہ ایک مسلمان ہیں،اس لئے انہیں نشانہ بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ایک اقلیتی لیڈر ہوں، اس لئے چند لوگوں کو میری ترقی ہضم نہیں ہورہی ہے۔ آج کانگریس لجس لیچر پارٹی لیڈر سے ملاقات کے بعد ضمیر احمد نے نامہ نگاروں سے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملہ میں صنعت کار پرشانت سمبرگی کے خلا ف ہتک عزت معاملہ درج کیا ہے جس نے مجھ پر یہ الزام لگایا ہے کہ سابق وزیر کا تعلق ڈرگس مافیا سے ہے۔ ضمیر احمد نے کہا کہ سمبرگی نے جو بھی مجھ پر الزام لگائے ہیں میں قانونی طور پر اس کا جواب دوں گا۔ اس وقت اس معاملہ پر میں میڈیا کو تفصیلات بتانا نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ریاست میں کانگریس نہیں بی جے پی اقتدار میں ہے۔ سنجنا کلرانی پولیس حراست میں ہے، میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ اس پورے معاملہ کی تفصیلی جانچ ہونی چاہئے۔اگر میں ڈرگس مافیا میں ملوث ہوں تو میرے تمام اثاثے حکومت کو منتقل کردوں گا۔