اگر امریکہ امن معاہدے سے پیچھے ہٹا، تو پھر بڑی جنگ ہو گی:طالبان

Source: S.O. News Service | Published on 6th February 2021, 6:20 PM | عالمی خبریں |

اسلام آباد،6/فروری (آئی این ایس انڈیا)طالبان نے اپنے تازہ حملوں میں کم از کم 21 افغان فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے، جب کہ طالبان اور افغان حکومت کے درمیان امریکی ثالثی میں ہونے والے امن مذاکرات میں تعطل جاری ہے۔ اسی دوران، طالبان نے دھمکی دی ہے کہ اگر امریکہ گزشتہ سال 29 فروری کو طے پانے والے امن معاہدے سے پیچھے ہٹا، تو اس سے افغان جنگ میں خطرناک تیزی آئے گی۔

یہ لڑائی ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب امریکہ سن 2020 میں طالبان سے کئے گئے وعدے پر نظر ثانی کر رہا ہے، جس کے تحت امریکی اور دیگر اتحادی افواج کو اس سال مئی تک افغانستان سے انخلا کرنا ہے۔

جمعہ کے روز ایک افغان سیکیورٹی افسر کا کہنا تھا کہ طالبان نے صوبہ قندوز کے خان آباد ضلع میں قائم ایک چوکی پر صبح سویرے حملہ کیا۔ اپنا نام نہ بتانے کی شرط پر سیکیورٹی افسر کا کہنا تھا کہ اس حملے میں افغان سیکیورٹی فورسز کے 16 فوجی ہلاک ہوئے، جن میں ان کا کمانڈر بھی شامل تھا، جب کہ دو فوجیوں کو یرغمال بنا لیا گیا۔

جمعرات کے روز ایک الگ حملے میں، طالبان نے شمالی صوبے فریاب میں ایک چوکی پر چڑھائی کی جس میں پانچ فوجی ہلاک ہو گئے۔ صوبہ کے گورنر نے مقامی طلوع ٹیلی وژن چینل کو بتایا کہ طالبان چند فوجیوں یرغمال بنا کر بھی لے گئے۔

طالبان نے فوری طور پر ان حملوں پر کوئی بیان نہیں دیا، تاہم اُن کی جانب سے حالیہ دنوں میں حملوں میں شدت آئی ہے۔

اسی دوران، طالبان نے امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کو متنبہ کیا ہے کہ اگر وہ گزشتہ سال 29 فروری کو طے پانے والے امن معاہدے سے پیچھے ہٹے، تو اس سے افغان جنگ میں خطرناک تیزی آئے گی۔

اس دھمکی سے دو روز قبل، امریکہ میں کانگریس کے دو جماعتی پینل نے اپنی سفارش میں صدر بائیڈن سے کہا تھا کہ وہ یکم مئی کو افغانستان سے امریکی فوجیوں کے مکمل انخلا کے معاہدے میں توسیع کریں۔

'دی افغانستان سٹڈی گروپ' نے بدھ کے روز، اپنی ایک رپورٹ میں سفارش کی تھی کہ انتظامیہ امریکی افواج کے انخلا کو سختی کیساتھ طالبان کی جانب سے کئے جانے والے تشدد میں کمی اور بین الافغان مذاکرات میں پیش رفت سے منسلک کرے۔

سٹڈی گروپ نے خبردار کیا کہ مئی کی مقررہ تاریخ تک تمام امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کے بعد افغانستان میں خانہ جنگی شروع ہو سکتی ہے، جس سے خطہ عدم توازن کا شکار اور دہشت گرد تنظیم القاعدہ بحال ہو سکتی ہے۔

سٹڈی گروپ کی رپورٹ کے جواب میں، طالبان کی ویب سائٹ پر چھپنے والے ایک تبصرے میں طالبان نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے کہ وہ معاہدے میں طے کی گئی شرائط پوری نہیں کر رہے۔

طالبان نے دھمکی دی ہے کہ اگر دوحہ معاہدے سے امریکہ پیچھے ہٹا تو پھر بڑی جنگ شروع ہو سکتی ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری امریکہ پر ہو گی۔

طالبان نے نئی امریکی انتظامیہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ معاہدے کو جذباتی انداز سے نہ دیکھیں، اور اس کی بجائے افغان جنگ میں مزید سرمایہ کاری ختم کریں۔

طالبان کے تبصرے میں کہا گیا ہے کہ سب کو کسی بھی قسم کے اشتعال انگیز اقدامات اور بیان بازی سے گریز کرنا چاہئیے، کیونکہ اس سے سب پہلے جیسی حالتِ جنگ میں واپس چلے جائیں گے، جو نہ تو امریکہ اور نہ ہی افغان عوام کے مفاد میں ہے۔

امریکہ اور طالبان کے درمیان امن سمجھوتہ ہونے کے بعد، امریکی افواج کی تعداد 13 ہزار سے کم ہوکر ڈھائی ہزار ہو گئی ہے۔ اس کے عوض، طالبان نے اپنی دہشت گرد کاروائیاں ختم کرنے کی یقین دہانیاں کرائی تھیں اور یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ افغان حکومت کیساتھ مل کر کوئی مذاکراتی حل تلاش کریں گے، تا کہ اس طویل جنگ کا خاتمہ ہو سکے۔

تاہم بائیڈن انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے طے پانے والے امن معاہدے پر نظر ثانی کرے گی تا کہ تعین کیا جا سکے کہ کیا طالبان معاہدے میں طے کی گئی شرطوں کو پورا کر رہے یا نہیں۔

بائیڈن انتظامیہ نے ٹرمپ انتظامیہ کے مقرر کردہ افغانستان کے خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد کو اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنے کیلئے کہا ہے۔ افغان نژاد، زلمےخلیل زاد ایک منجھے ہوئے امریکی سفارتکار ہیں۔ خلیل زاد ہی نے طالبان کے ساتھ امن معاہدے طے کیا تھا۔

امریکی وزیرخارجہ انٹنی بلنکن نے جمعرات کے روز خلیل ذادسے ملاقات میں افغان امن عمل پر بات چیت کی۔

ایک نظر اس پر بھی

ماسکو کنسرٹ ہال حملے میں 143ہلاکتیں

روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک کنسرٹ ہال پر جمعہ کو ہونے والے حملے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 143 ہوگئی ہے جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہیں۔روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے ہفتے کے روز یہ اطلاع دی۔ کمیٹی نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز ماسکو اوبلاست میں کروکس سٹی ہال، دہشت گردانہ حملے کی جگہ ...

80 ہزار افراد نے مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ ادا کی

قابض اسرائیلی فوجوں  کی سختی کے باوجود رواں  سال رمضان کے پہلے جمعہ کو ۸۰؍ ہزار مسلمانوں   نے بیت المقدس میں  پہنچ کر نماز جمعہ ادا کی۔ قدس نیوز نیٹورک نے جو ویڈیوشیئرکئے ہیں  میں  دیکھا جاسکتاہے کہ جوق در جوق مغربی کنارہ، راملہ اور دیگر علاقوں  سے فلسطینی شہری پیدل اور بسوں ...

شہریت ترمیمی قانون پر امریکہ نے بھی اپنی تشویش ظاہر کردی

امریکہ اور نے ہندوستان کے متنازعہ شہریت ترمیمی قانون پر عدم تحفظات کا اظہار کردیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ہندوستان میں شہریت کے متنازعہ ترمیمی قانون کے نفاذ پر تشویش ہے۔ ایکٹ کے نافذ ہونے کے بعد صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں کے سبب جان گنوانے والے فلسطینیوں کی تعداد 31272 ہوئی

غزہ پٹی پر جاری اسرائیلی حملوں سے فلسطینیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 31272 ہو گئی ہے۔ غزہ میں قائم وزارت صحت نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 88 فلسطینیوں کو قتل اور 135 دیگر کو زخمی کیا، جس سے گزشتہ اکتوبر میں اسرائیل اور حماس ...

غزہ میں امداد کیلئے قطار میں منتظر افراد کو پھر نشانہ بنایا گیا، 11 شہید

  انسانیت کی تمام حدوں  کو پار کرتے ہوئے اسرائیلی فوجوں  نے بدھ کو پھر بھکمری کے شکار ان پریشان حال لوگوں  کو نشانہ بنایا جو اپنے بچوں  کی پیٹ کی آگ بجھانے کیلئے امداد حاصل کرنے کے مقصد سے قطار میں  لگے ہوئے تھے۔ بدھ کے اس حملے میں  ۱۱؍ افراد کی شہادت کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ...

انڈونیشیا میں سیلاب اور چٹان کھسکنے سے تباہی، 19 افراد ہلاک ،متعدد زخمی

انڈونیشیا کے جزیرے سماترا میں مسلسل بارش نے سیلاب اور چٹان کھسکنے سے بڑے پیمانے پرتباہی ہوئی ہے۔ اس دوران 5سے زائد گھر دب گئے۔ مکانات کے ملبے سے12 لاشیں نکالی گئیں اور 7افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔ ملبے سے دیگر 6 افراد کو بحفاظت نکالا گیا جبکہ5 افراد اب تک ...