شامی حکومت کا اسرائیلی میزائل حملہ ناکام بنانے کا دعوی

Source: S.O. News Service | By INS India | Published on 5th March 2020, 8:57 PM | عالمی خبریں |

دمشق،05/مارچ (آئی این ایس انڈیا)شامی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے ملک کے جنوب مغرب میں واقع صوبے القنیطرہ کی فضا میں اسرائیلی میزائلوں کا راستہ روک دیا۔میڈیا نے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب 12:30 پر شامی فضائی دفاعی نظام نے اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی نقل و حرکت کا پتہ چلایا۔

یہ طیارے مقبوضہ فلسطین کے شمالی حصے کی جانب سے لبنان کے شہرا صیدا کی سمت آ رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے لبنانی فضاؤں کے اوپر سے وسطی علاقے کی جانب کئی میزائل داغے۔مذکورہ ذریعے نے مزید بتایا کہ داغے گئے میزائلوں کو کامیابی کے ساتھ فضا میں ہی روک دیا گیا۔یاد رہے کہ شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سنا نے رواں سال فروری میں بتایا تھا کہ شامی فضائی دفاعی نظام نے دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے اطراف ”دشمن کی جانب سے داغے گئے میزائلوں“ کو مار گرایا۔ یہ میزائل مقبوضہ گولان کے پہاڑی علاقے سے داغے گئے۔گذشتہ برسوں کے دوران اسرائیل نے شام پر سیکڑوں میزائل داغے۔ ان کارروائیوں میں شام میں ایران کے حمایت یافتہ مسلح گروپوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کے علاوہ ایران نواز لبنانی ملیشیا حزب اللہ کی جانب سے بھیجے گئے عسکری ساز و سامان پر بھی حملے کیے گئے۔

ایک نظر اس پر بھی