روسی اکاؤنٹ سے طالبان کو رقوم منتقل کی گئیں: نیویارک ٹائمز کا دعویٰ

Source: S.O. News Service | Published on 1st July 2020, 8:56 PM | عالمی خبریں |

نیویارک ،یکم جولائی(آئی این ایس انڈیا)امریکی حکام نے ایسے الیکٹرونک ڈیٹا کا پتا لگایا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ روسی انٹیلی جنس ایجنسی کے ایک بینک اکاؤنٹ سے طالبان سے منسلک ایک اکاؤنٹ میں بھاری رقوم منتقل کی گئی ہیں۔

یہ ان شواہد میں شامل ہے جن سے اس خیال کو تقویت ملتی ہے کہ روس نے افغانستان میں امریکی اور اتحادی فوجیوں کو قتل کرنے کے عوض طالبان کو خفیہ طور پر انعام کی پیشکش کی تھی۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق اسے یہ بات اس خفیہ معلومات سے واقف تین اہلکاروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتائی ہے۔

اگرچہ امریکہ پہلے بھی روس پر طالبان کی مدد کا الزام لگاتا رہا ہے لیکن اس بار تجزیہ کاروں نے خفیہ ذرائع کی معلومات سے نتیجہ اخذ کیا کہ منتقل کی گئی رقوم انعامی پروگرام کا حصہ تھیں۔ گرفتار کیے گئے افراد نے تفتیش میں اس پروگرام کے بارے میں بیان کیا تھا۔

اہلکاروں کا کہنا ہے کہ تحقیقات کرنے والوں نے متعدد افغان باشندوں کو شناخت کیا ہے جو مشتبہ روسی کارروائی سے منسلک نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔ رقوم تقسیم کرنے والے ایک شخص کے بارے میں خیال ہے کہ وہ اب روس میں ہے۔

افغان حکام نے اس ہفتے کئی واقعات کا ذکر کیا ہے جو اس خفیہ معلومات کا تسلسل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کئی ایسے کاروباری افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جنھوں نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران رقوم کی منتقلی کے غیر رسمی طریقے حوالہ کو استعمال کیا۔ شبہ ہے کہ وہ روسی خفیہ ایجنسی جی آر یو اور طالبان سے منسلک عسکریت پسندوں کے درمیان رابطے کے نیٹ ورک میں شامل تھے۔

ان کاروباری افراد کو دارالحکومت کابل اور شمالی افغانستان میں کئی چھاپوں میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ایک شخص کے گھر سے 5 لاکھ ڈالر نقد بر آمد ہوئے تھے۔

وائٹ ہاؤس، نیشنل سکیورٹی کونسل کے حکام اور ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس جان ریٹکلف کے دفتر نے اس بارے میں تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔ انھوں نے گزشتہ پیر کو جان ریٹکلف، قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ سی او برائن اور پینٹاگون کے ترجمان جوناتھن ہوفمین کے بیانات کی طرف اشارہ کیا۔ ان تمام افراد کا کہنا تھا کہ افغانستان سے متعلق حالیہ خبریں مستند نہیں ہیں۔

پیر کو وائٹ ہاؤس نے ایوان نمائندگان کے کئی ری پبلکنز کو خفیہ معلومات پر گفتگو کے لیے مدعو کیا تھا۔ اس میں روس کے قتل کے بدلے انعام سے متعلق پروگرام کی معلومات کے قابل بھروسہ ہونے یا نہ ہونے پر بات کی گئی۔ یہ بھی بتایا گیا کہ افغان حکام نے گرفتار شدگان سے حاصل شدہ معلومات کو غیر اہم قرار دیا ہے۔ لیکن اس بریفنگ میں رقوم کی منتقلی کی معلومات سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا۔

منگل کو بھی ری پبلکنز اور ڈیموکریٹس کو وائٹ ہاؤس میں الگ الگ بریفنگ دی گئی۔ اس کے بعد ڈیموکریٹس کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ واضح طور پر ویسا نہیں جیسا صدر ٹرمپ اسے افواہ قرار دے کر بیان کررہے ہیں۔

   

ایک نظر اس پر بھی

ماسکو کنسرٹ ہال حملے میں 143ہلاکتیں

روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک کنسرٹ ہال پر جمعہ کو ہونے والے حملے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 143 ہوگئی ہے جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہیں۔روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے ہفتے کے روز یہ اطلاع دی۔ کمیٹی نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز ماسکو اوبلاست میں کروکس سٹی ہال، دہشت گردانہ حملے کی جگہ ...

80 ہزار افراد نے مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ ادا کی

قابض اسرائیلی فوجوں  کی سختی کے باوجود رواں  سال رمضان کے پہلے جمعہ کو ۸۰؍ ہزار مسلمانوں   نے بیت المقدس میں  پہنچ کر نماز جمعہ ادا کی۔ قدس نیوز نیٹورک نے جو ویڈیوشیئرکئے ہیں  میں  دیکھا جاسکتاہے کہ جوق در جوق مغربی کنارہ، راملہ اور دیگر علاقوں  سے فلسطینی شہری پیدل اور بسوں ...

شہریت ترمیمی قانون پر امریکہ نے بھی اپنی تشویش ظاہر کردی

امریکہ اور نے ہندوستان کے متنازعہ شہریت ترمیمی قانون پر عدم تحفظات کا اظہار کردیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ہندوستان میں شہریت کے متنازعہ ترمیمی قانون کے نفاذ پر تشویش ہے۔ ایکٹ کے نافذ ہونے کے بعد صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں کے سبب جان گنوانے والے فلسطینیوں کی تعداد 31272 ہوئی

غزہ پٹی پر جاری اسرائیلی حملوں سے فلسطینیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 31272 ہو گئی ہے۔ غزہ میں قائم وزارت صحت نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 88 فلسطینیوں کو قتل اور 135 دیگر کو زخمی کیا، جس سے گزشتہ اکتوبر میں اسرائیل اور حماس ...

غزہ میں امداد کیلئے قطار میں منتظر افراد کو پھر نشانہ بنایا گیا، 11 شہید

  انسانیت کی تمام حدوں  کو پار کرتے ہوئے اسرائیلی فوجوں  نے بدھ کو پھر بھکمری کے شکار ان پریشان حال لوگوں  کو نشانہ بنایا جو اپنے بچوں  کی پیٹ کی آگ بجھانے کیلئے امداد حاصل کرنے کے مقصد سے قطار میں  لگے ہوئے تھے۔ بدھ کے اس حملے میں  ۱۱؍ افراد کی شہادت کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ...

انڈونیشیا میں سیلاب اور چٹان کھسکنے سے تباہی، 19 افراد ہلاک ،متعدد زخمی

انڈونیشیا کے جزیرے سماترا میں مسلسل بارش نے سیلاب اور چٹان کھسکنے سے بڑے پیمانے پرتباہی ہوئی ہے۔ اس دوران 5سے زائد گھر دب گئے۔ مکانات کے ملبے سے12 لاشیں نکالی گئیں اور 7افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔ ملبے سے دیگر 6 افراد کو بحفاظت نکالا گیا جبکہ5 افراد اب تک ...