کاروار سے تعلق رکھنے والے سپریم کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ دیو دت کامت اترپردیش انتخابات کے لئے کانگریس قانونی کوآرڈی نیشن کمیٹی کے صدر مقرر
کاروار 19 / جنوری (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے کاروار سے تعلق رکھنے والے سپریم کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ دیو دت کامت کو اتر پردیش انتخابات میں کانگریس پارٹی کی قانونی کورآرڈی نیشن کمیٹی کا صدر بنایا گیا ہے ۔
اطلاع کے مطابق انڈین نیشنل کانگریس کی سینٹرل کمیٹی کی طرف سے دیو دت کامت کو قانونی کوآرڈی نیشن کمیٹی کا صدر مقرر کیے جانے کے تعلق سے اے آئی سی سی جنرل سیکریٹری وینوگوپال نے اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اجئے کمار کو مراسلہ بھیجا ہے ۔ اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے پیش نظر چیف الیکشن کمیشن اور دوسرے اداروں سے کورآرڈی نیشن بنائے رکھنے کے لئے کانگریس نے جو کمیٹی بنائی ہے اس میں دیو دت کامت کو صدر بنانے کے علاوہ نائب صدر کے طور پر ورون چوپڑا اور بطور اراکین نشانت پاٹل اور سمارتر سنگھ کو شامل رکھا گیا ہے ۔
خیال رہے کہ دیو دت کامت سپریم کورٹ کے ایک مشہور جواں سال اور باصلاحیت وکیل مانے جاتے ہیں ۔ انہوں نے 37 سال کی عمر میں ہی حکومت کرناٹکا کے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کی ذمہ داری سنبھالی تھی ۔ 2019 میں سپریم کورٹ نے دیو دت کامت کو سینئر ایڈوکیٹ کا درجہ دیا تھا ۔